کھیل

ٹینس: فیڈرر ٹائٹلزکی سنچری مکمل کرنے سے ایک میچ دور

دبئی چمپیئن شپ کے سیمی فائنل میں فیڈرر نے کروشیاکے بورنا کورک کا باآسانی شکست دی اور فائنل میں اسٹیفینوس سےمقابلہ ہوگا۔

سوئٹزرلینڈ کے ٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے دبئی چمپیئن شپ کے سیمی فائنل میں کروشیا سے تعلق رکھنے والے نوجوان کھلاڑی بورنا کورک کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی اور انفرادی طور پر ٹائٹلز کی سنچری بنانے سے ایک میچ دور رہ گئے ہیں۔

ٹینس کی تاریخ میں 20 گرینڈ سلیم حاصل کرنے والے 37 سالہ راجر فیڈرر کا دبئی چمپئن شپ کے فائنل میں ابھرتے ہوئے یونانی اسٹار اسٹیفینوس سے مقابلہ ہوگا جہاں کامیابی کی صورت میں وہ تاریخ رقم کریں گے۔

راجر فیڈرر نے سیمی فائنل میں بورنا کورک کو67 منٹ کے مقابلے میں باآسانی 6-2 اور 6-2 سے شکست دے دی۔

میچ میں کامیابی کے بعد راجر فیڈرر کا کہنا تھا کہ ‘میرے خیال میں میچ کے دوران انہیں زیادہ مواقع نہ دینا اور انہیں شکست کا احساس دلانا اہم تھا اور آخر میں اچھا کھیلنے پر میں خوش ہوں’۔

یہ بھی پڑھیں:نڈال کو بدترین شکست، جوکووچ 7ویں مرتبہ آسٹریلین اوپن چیمپیئن

فیڈرر فائنل میں کامیابی کی صورت میں پروفیشنل سطح پر 100 ٹائٹل جیتنے والے دوسرے کھلاڑی بن جائیں گے جبکہ دبئی میں اب تک 7 ٹائٹلز حاصل کرچکے ہیں۔

ان سے قبل امریکا کے سابق کھلاڑی جمی کونرز نے 109 ٹائٹلز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا جو تاحال پہلے نمبر پر ہیں۔

دبئی چمپیئن شپ کے دوسرے سیمی فائنل میں اسٹیفینوس نے گائل مونفلز کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 4-6، 7-6 اور 7-6 سے شکست دے دی تھی۔

راجر فیڈرر کو دبئی چمپیئن کے فائنل میں فیورٹ قرار دیا جارہا ہے اس لیے ٹائٹلز کی سنچری مکمل کرنے کے امکانات بھی روشن ہیں۔

مزید پڑھیں:سرینا اور جوکووچ آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں

دونوں کھلاڑی جنوری 2019 میں آسٹریلین اوپن میں بھی مدمقابل آئے تھے لیکن یہاں پر اسٹیفنوس نے حیران کن طور پر کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

راجر فیڈرر نے 100 ٹائٹلز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘اسٹیفنوس نے آسٹریلین اوپن میں میرا مقابلہ کیا تھا اور وہ ایک مشکل کھلاڑی ہیں اور لگتا ہے کہ تاحال 100 ٹائٹلز تک پہنچنے کے لیے کافی دور ہیں تاہم کوشش کروں گاکہ بھرپور توجہ سے اچھا کھیلوں’۔

اسٹیفینوس کا کہنا تھا کہ ‘میرے کھیل میں گزشتہ برس کے مقابلے میں بہتری آئی ہے، سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں شامل بڑے کھلاڑیوں اور بڑے ناموں کو شکست دینا بڑی بات ہے اور کسی موقع پر میں بھی ٹاپ 10 میں جگہ بنانا چاہتا ہوں’۔