ملتان کی حیران کن کامیابی، پی ایس ایل دلچسپ مرحلے میں
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 4 کے مقابلے شارجہ کے تاریخی میدان سے ایک مرتبہ پھر دبئی کے 'رِنگ آف فائر' منتقل ہوچکے ہیں کہ جہاں آغاز نے ہی بہت دلچسپ پیدا کردی ہے۔ ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
اس فتح سے کون سے امکانات کھلے ہیں اور کن خدشات نے جنم لیا ہے؟ یہ جاننے سے پہلے کچھ اس مقابلے کا احوال بیان کرنا ضروری ہے جس میں 5 میں سے صرف ایک میچ جیتنے والے سلطانوں نے ہیوی ویٹ اسلام آباد کو چاروں خانے چت کیا۔
مزید پڑھیے: نصف پی ایس ایل کا اختتام: کون سا کھلاڑی کامیاب اور کون ناکام
دفاعی چیمپئن اسلام آباد شارجہ میں ہونے والے اپنے آخری دونوں مقابلوں میں باآسانی کامیابی کے بعد جیت کی راہ پر گامزن نظر آتا تھا۔ یونائیٹڈ پر پی ایس ایل 4 کے آغاز میں ابتدائی 3 میچز میں سے صرف ایک جیتنے کے بعد جو دباؤ نظر آ رہا تھا، وہ شارجہ مرحلے میں ختم ہوگیا کیونکہ یہاں یونائیٹڈ بالکل نئے روپ میں نظر آئے۔ اگرچہ پشاور زلمی اور کراچی کنگز کو واضح شکست دینے کے بعد دبئی میں ایک مرتبہ پھر ملتان سلطانز کا سامنا کرنا ان کے لیے چنداں مشکل نہ تھا لیکن 'مَلک الیون' نے انہیں بڑا سبق سکھا دیا ہے۔
جب تک لیوک رونکی کریز پر موجود تھے، رنز بھی تیزی سے بن رہے تھے اور اسلام آباد کی امیدیں بھی برقرار تھیں لیکن ان کے آؤٹ ہوتے ہی بیٹنگ لائن مسلسل دباؤ میں نظر آئی۔ نوجوان محمد الیاس نے دونوں اوپنرز کو واپسی کی راہ دکھائی، جس کے بعد اسلام آباد کے کسی بلے باز کو دوسرے اینڈ سے وہ تعاون نہ مل سکا، جو درحقیقت درکار تھا۔ اسلام آباد کی بیٹنگ لائن کافی طویل ہے اور اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آل راؤنڈر فہیم اشرف نویں نمبر پر بیٹنگ کرنے کے لیے آئے لیکن ملتانی باؤلرز کے سامنے کسی کی ایک نہ چلی اور یونائیٹڈ 18ویں اوور میں ہی صرف 121 رنز پر ڈھیر ہوگئے۔
ہوسکتا ہے کہ کسی کو امید ہو کہ اسلام آباد یہاں سے بھی جیت سکتا ہے اور یہ خیال بے جا بھی نہیں تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل 4 کی متوازن ٹیموں میں سے ایک ہے جس میں بیٹنگ لائن کے ساتھ ساتھ باؤلنگ دستہ بھی طاقتور ہے۔ لیکن 122 رنز کا دفاع کرنا ان کے بس کی بات نہیں تھی، خاص طور پر جیمز وِنس اور عمر صدیق کی جانب سے 54 رنز کا آغاز ملنے کے بعد۔ نوجوان وکٹ کیپر عمر صدیق نے ایک لو-اسکورنگ کے حساب سے بہت ہی عمدہ کارکردگی دکھائی اور 45 گیندوں پر ایک چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے۔
سلطانوں نے 19ویں اوور کی پہلی گیند پر ہدف کو حاصل کرکے ایک اہم کامیابی سمیٹ لی اور یوں اسلام آباد کو اہم ترین مقابلوں سے پہلے کافی کچھ سوچنے پر بھی مجبور کردیا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب یونائیٹڈ کو ملتان کے ہاتھوں شکست ہوئی، بلکہ دلچسپ بات یہ ہے کہ ملتان سلطانز نے جاری سیزن میں جو 2 کامیابیاں حاصل کی ہیں وہ دونوں ہی دبئی کے میدان میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف حاصل کی ہیں۔ باقی تمام ٹیموں کے خلاف شکست کھانے کے باوجود اسلام آباد یونائیٹڈ کو دونوں میچز میں شکست دینا ظاہر کرتا ہے کہ ملتان میں صلاحیت تو بھرپور ہے، بس کمی ہے تسلسل کے ساتھ استعمال کرنے کی۔
مزید پڑھیے: تھا جس کا انتظار وہ شاہکار دن آ ہی گیا
ملتان سلطانز نے اسلام آباد کے سوا باقی تمام ٹیموں سے بُری طرح شکست کھائی ہے یہاں تک کہ لاہور قلندرز کے مقابلے میں 200 رنز بنا کر بھی نہیں جیت پائے۔ پھر پشاور زلمی سے بھی شکستوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔ لیکن اب اسلام آباد کے خلاف کامیابی نے سلطانوں کو واپسی کی نئی راہ دکھائی ہے۔ آئندہ میچز میں ملتان کے پاس غلطیوں کی گنجائش بالکل نہیں کیونکہ اگلے مقابلے ہیں پشاور اور کوئٹہ جیسی ٹیموں کے خلاف۔