خوش قسمتی اور بد قسمتی سے بھرپور نواز شریف کی سیاسی زندگی
مالی وسائل سے بھرپور وہ کون سا شخص ہے جو کرپشن کے الزام کا سامنا کرنے تقریباً روز ہی عدالت کے سامنے پیش ہوتا ہے؟
وہ ہے میاں محمد نواز شریف، پاکستان کی واحد ایسی شخصیت جو 3 مرتبہ وزیرِاعظم اور 2 بار سب سے بڑے صوبے کے وزیرِاعلیٰ کے طور پر منتخب ہوئی۔
وہ پاکستان کے ایسے واحد وزیرِاعظم ہیں کہ جنہیں 1993ء میں صدر نے برطرف کیا تو سپریم کورٹ نے صدر کے اس فیصلے کو ایک طرف رکھ کر انہیں بحال کردیا۔ ملک میں ان سے زیادہ اور کوئی سیاستدان اتنا خوش قسمت نہیں رہا ہے، لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ پاکستان میں کوئی سیاستدان ان سے زیادہ بدقسمت بھی نہیں رہا ہے کیونکہ انہیں تینوں مرتبہ وزارتِ عظمیٰ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا، 2 بار نااہل قرار دیا گیا، کم و بیش ایک دہائی کے لیے ملک بدری پر مجبور کیا گیا اور متعدد قید کی سزائیں سنائی گئیں، جن میں سے ایک تو عمر قید کی سزا بھی ہے۔