پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آج سے متحدہ عرب امارات میں آغاز
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کا آج سے متحدہ عرب امارات میں آغاز ہو رہا ہے جہاں دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈکی ٹیم آج افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز کے خلاف میچ سے ٹائٹل کے دفاع کی جنگ کا آغاز کرے گی۔
پاکستان میں کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ پاکستان سپر لیگ کے ابتدائی 3 ایڈیشن کی بے مثال کامیابی کے بعد چوتھے ایڈیشن کا بھی متحدہ عرب امارات کے میدانوں سے آغاز ہو رہا ہے۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل میں کارکردگی کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کا ٹکٹ دلاسکتی ہے، آرتھر
ایونٹ کے افتتاحی میچ سے قبل رنگارنگ افتتاحی تقریب بھی منعقدہ ہو گی جس میں پی ایس ایل کا نغمہ گانے والے فواد خان سمیت عالمی شہرت یافتہ بین الاقوامی اسٹارز بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا جس کے بعد پشاور زلمی نے دوسرے ایڈیشن میں ٹائٹل اپنے نام کیا۔
ایونٹ کے تیسرے ایڈیشن کے فائنل میں گزشتہ دونوں ایڈیشن کی فائنلسٹ ٹیمیں مدمقابل آئیں جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے سنسنی خیز مقابلے کے بعد زلمی سے اعزاز چھینتے ہوئے دوبارہ چیمپیئن کا تاج اپنے سر پر سجا لیا۔
ایونٹ میں اب تک گزرے 3 سالوں کی بات کی جائے تو اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے مصباح الحق اور جین پال ڈومینی کی زیر قیادت بہترین کھیل پیش کیا اور 2 مرتبہ چیمپیئن بنے۔
پشاور زلمی کی ٹیم کا شمار ان چند فرنچائزوں میں ہوتا ہے جنہوں نے انتہائی مستقل مزاجی سے بہترین کھیل پیش کیا اور انہیں اس کا انعام دوسرے ایڈیشن کا ٹائٹل جیتنے کی صورت میں ملا اور تیسرے ایڈیشن میں انہیں فائنل میں یونائیٹڈ نے مات دی۔