صحت

رات کے وقت نزلہ زکام زیادہ بدتر کیوں ہوجاتا ہے؟

سورج غروب ہونے کے بعد جسمانی گھڑی اور چند دیگر عناصر امراض کی شدت کو بڑھا دیتے ہیں، تحقیق

آپ کو موسمی نزلہ زکام کا سامنا ہو، بخار یا پیٹ خراب ہو، کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ رات کے وقت یہ سب بیماریاں بدترین محسوس ہونے لگتی ہیں؟

اور یہ کوئی آپ کا وہم نہیں درحقیقت سائنس نے بھی اب اس کی تصدیق کردی ہے۔

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

مزید پڑھیں : نیند کی کمی سے ہونے والے 23 نقصانات

تحقیق میں بتایا گیا کہ سورج غروب ہونے کے بعد جسمانی گھڑی اور چند دیگر عناصر امراض کی شدت کو بڑھا دیتے ہیں۔

خیال رہے کہ نیند کو ریگولیٹ کرنے کے ساتھ ساتھ جسمانی گھڑی جسمانی مدافعتی نظام کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد دیتی ہے۔

امریکا کی ٹیکساس یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ جب موسمی نزلہ زکام کے دوران جسمانی مدافعتی نظام متحرک ہوتا ہے تو وہ ایسے خلیات خارج کرتا ہے جو انفیکشن کا باعث بننے والے جراثیموں پر حملہ کرتے ہیں۔

مگر رات کے وقت جسمانی گھڑی اس عمل کو کمزور کردیتی ہے اور مرض کی شدت زیادہ محسوس ہونے لگتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : 6 گھنٹے سے کم نیند کیا اثرات مرتب کرتی ہے؟

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ رات کے وقت اس کمزوری کے باوجود لوگ نیند لے پاتے ہیں اور صبح اٹھنے کے بعد ہوسکتا ہے حالت خراب محسوس ہو۔

اس کے مقابلے میں دوپہر اور شام وہ اوقات ہوتے ہیں جب مدافعتی نظام زیادہ طاقتور ہوتا ہے اور بیمار کو اپنی حالت بہتر محسوس ہونے لگتی ہے، مگر رات کو پھر وہ خود کو زیادہ بیمار محسوس کرنے لگتا ہے۔

ویسے رات کی اچھی نیند آپ کی موسمی بیماری سے نجات کا بہترین حل ثابت ہوسکتی ہے۔