پاکستان میں اپنا کام کرنے والے کس طرح آگے بڑھ سکتے ہیں؟
انٹرپرینیورشپ کے حوالے سے اعداد و شمار بھی حوصلہ افزا رجحان پیش کرتے ہیں۔ تاہم اب بھی بہت سارا کام ہمیں کرنا باقی ہے۔
یہ کہا جاسکتا ہے کہ پاکستان میں انٹرپرینیور (اپنا کاروبار شروع کرنے والوں) کی طرف رجحان کافی متاثر کن نظر آیا ہے۔ 15 برس پہلے تک اس کا تصور ہی نہیں پایا جاتا تھا جبکہ آج یہ رجحان ملٹی اسٹیک ہولڈر صنعت میں تبدیل ہوچکا ہے، جو تیزی کے ساتھ عالمی سطح پر قابلِ قبول بنتی جا رہی ہے۔
انٹرپرینیور کی طرف رجحان
’کارانداز پاکستان‘ اور ’لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز‘ کے تعاون کے ساتھ پلینٹ این (Planet N) کی جانب سے 2017ء میں پیش کردہ رپورٹ میں نیا کاروبار شروع کرنے والوں کو پیش آنی والی مشکلات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2010ء کے بعد نئے کاروبار کی تعداد ایک اندازے کے مطابق 723 تک پہنچ گئی، جن میں سے 68 فنڈ اکٹھا کر رہے تھے اور ان میں سے 6 ایسے تھے جو 5 لاکھ ڈالر سے زائد سرمایہ کاری حاصل کرچکے تھے۔