اس خوبصورت مقام پر رہائش اختیار کرنے پر آپ لکھ پتی بن جائیں گے
گزشتہ دنوں اٹلی کے خودمختار علاقے سسلی کے ایک چھوٹے سے قصبے میں گھروں کو محض ایک یورو (160 پاکستانی روپے کے قریب) میں فروخت کرنے کی پیشکش کی گئی تھی مگر اسی ملک کے ایک اور مقام میں اس سے بھی بہتر آفر سامنے آگئی ہے۔
شمالی اٹلی میں کوہ الپس کے دامن میں واقع قصبے لوکانا نے درحقیقت وہاں لوگوں کو بسانے کے لیے وہاں آنے پر 9 ہزار یورو (لگ بھگ 15 لاکھ روپے) دینے کی پیشکش کردی ہے۔
جی ہاں اگر آپ بیرون ملک منتقل ہونا چاہتے ہیں تو اٹلی کے اس مضافاتی علاقے میں منتقل ہونے پر آپ کو خرچہ نہیں کرنا پڑے گا بلکہ آپ کو اس کا معاوضہ دیا جائے گا۔
اٹلی کے اکثر مقامات پر ہزاروں گھر خالی پڑے ہیں جو بہت بڑا مسئلہ ہے جس کا حل اکثر مختلف قسم کی پرکشش آفرز کی شکل میں پیش کیا جاتا ہے۔
لوکانا کی انتظامیہ کو بھی توقع ہے کہ مالی انعام نئے رہائشیوں کو وہاں آنے پر مجبور کرنے کے لیے کافی ہوگا اور خالی ہوجانے والے مکانات، دکانیں اور ریسٹورنٹس پھر آباد ہوسکیں گے۔
اس قصبے کے میئر گیونی برونو نے سی این این سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 1900 کی دہائی میں ہماری آبادی 7 ہزار تھی جو اب بمشکل ڈیڑھ ہزار رہ گئی ہے کیونکہ لوگ روزگار کے لیے دیگر علاقوں میں منتقل ہوگئے، طالبعلم نہ ہونے پر اسکولوں کی بندش کا خطرہ ہے اور میں ایسا نہیں ہونے دوں گا?۔