یادداشت اور ذہنی کارکردگی بہتر بنانے کے 8 طریقے
زندگی میں کتنے ایسے مواقع آئے ہیں جب آپ کو کوئی بہت اہم کام کرنا ہو اور وہ آپ یکسر بھول گئے ہوں۔ لوگوں کے نام، اہم تاریخیں، پراجیکٹ کی ڈیڈلائن، کسی دوست کا فون نمبر،امتحان کا کانٹینٹ یا کوئی اہم واقعہ یا گفتگو ؟ یقینی طور پر ایسا بہت بار ہوا ہوگا۔ کچھ بھول جانا اکثر اوقات بہت نقصاندہ ثابت ہوتا ہے۔
ہمارے اُستادِ گرامی فرمایا کرتے تھے کہ قابلیت اس کے سوا کچھ نہیں کہ آپ کی یادداشت تیز ہو۔ آپ کو درست موقع پر درست شے یاد رہ جانا آپ کی کامیابی کا تناسب بڑھا دیتا ہے۔ یادداشت کے حوالے سے ہمارے ہاں کئی طرح کے ابہام اور خیالات پائے جاتے ہیں۔ کچھ اچھی یادداشت کو ایک پیدائشی تحفہ سمجھتے ہیں اور کچھ اسے مخصوص لوگوں کو عطا کردہ سپر پاور۔
مگر جدید سائنسی تحقیق اور منطقی تجزیات نے ان ابہام کو بڑی حد تک غلط بلکہ گمراہ کُن ثابت کردیا ہے۔ دماغ ایک مسل یعنی کے پٹھا ہے اور جس طرح ہم اپنی جسم کے ظاہری پٹھوں کو کثرت اور ٹریننگ سے طاقتور اور بہتر بنالیتے ہیں ویسے ہی دماغی کارکردگی کو بہتر بنانا بھی عین ممکن ہے۔ جِم کوئیک دنیا میں اچھی یادداشت کے سب سے بڑے ٹرینر ہیں۔ ان کی اپنی یادداشت حیران کُن طور بلکہ ہوش رُبا ہے۔ ان کے پروگرامز میں ان کی یادداشت کے کمالات دیکھ کر انسان ششدر رہ جاتا ہے۔ جِم کے مطابق اچھی یا بُری یادداشت جیسا کچھ نہیں ہوتا، نہ ہی یہ کوئی پیدائشی خوبی ہے۔ یادداشت صرف ٹرینڈ اور اَن ٹرینڈ یعنی تربیت یافتہ اور غیر تربیت یافتہ ہوتی ہے۔ آپ اپنی یادداشت کو بہتر انداز میں تربیت دینا شروع کردیں، آپ کے سامنے اس کے کمالات ظاہر ہونے لگیں گے۔
آپ چھوٹی چھوٹی چیزوں کو کیسے یاد کرسکتے ہیں اور کس طرح اپنے ذہن کی کارکردگی بہتر بناسکتے ہیں اس کے لیے چند طریقے پیشِ خدمت ہیں جن پر عمل کرکے آپ اپنی یادداشت اور ذہنی کارکردگی کو کئی گنا بڑھا سکتے ہیں۔