کھوکلی اناؤں کے مارے لوگ
زندگی میں ایسے کئی لوگ ملیں گے جو کھوکلی اناوں کا بوجھ لیے جی رہے ہوں گے جن سے کسی آسانی اور خیر کی توقع نہیں ہوتی
آسانیاں تقسیم کرنے والا کیسے بنا جاسکتا ہے؟ مخلوق کے دل میں اپنی محبت پیدا کرنا اور سچ میں ’بڑا‘ آدمی بننے کا گُر مجھے بڑی مشقت کے بعد سیکھنے کو ملا۔
آسانی ہمیشہ وہ لوگ تقسیم کر پاتے ہیں جن کی انائیں کھوکلی نہ ہوں۔ یہ کھوکلی انائیں کیا ہیں؟ یہ ذات کے وہ خلا ہیں جو محرومیوں سے جنم لیتے ہیں اور ریاضتوں کے نہ ہونے سے دلدل بن جاتے ہیں، جن میں انسان دھنستا چلا جاتا ہے۔ کھوکلی اناؤں والے سدا محروم رہتے ہیں۔
آپ کو بے شمار ایسے لوگوں سے پالا پڑے گا جو ظاہری طور پر عزت و اکرام کے حامل ہوں گے، انہیں مرتبہ، مقام اور دولت بھی میسر ہوگی مگر ان کی ذات سے کسی کو کچھ فائدہ نہیں ہوتا۔ یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جو اگلے کا دل اور روح زخمی کردیتے ہیں۔ لوگوں کے جذبات ان کا ایندھن ہوتے ہیں۔