کھیل

سری لنکا نے کولمبو ٹیسٹ میں برتری کا نادر موقع گنوا دیا

انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سری لنکن ٹیم صرف 67رنز کے اضافے سے 9وکٹیں گنوا کر 240 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

کولمبو: انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سری لنکن ٹیم سنبھل کر لڑکھڑا گئی اور برتری حاصل کرنے کا نادر موقع گنواتے ہوئے پوری ٹیم پہلی اننگز میں 240 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

کولمبو میں جاری تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ہفتے کو میچ کے دوسرے دن انگلش ٹیم نے 312 رنز7 کھلاڑی آئوٹ سے اپنی پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 336 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔

معین علی 33، اسٹورٹ براڈ صفر اور جیک لیچ 2 رنز بنا کر چلتے بنے، عادل رشید 21 رنز بنا کر ناٹ اٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب لکشن سنداکن نے 5، دلروون پریرا نے 3 اور پشپاکمارا نے 2 وکٹیں لیں۔

جواب میں سری لنکن ٹیم پہلی اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو 31 کے اسکور پر اسے گوناتھلیکا کا نقصان اٹھانا پڑا جو 18 رنز بنا کر لیچ کا نشانہ بنے۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد کرونارتنے اور دھننجایا ڈی سلوا نے میدان سنبھالا اور دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 142 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا۔

تاہم اس موقع پر یہاں پر عادل رشید نے ڈی سلوا کو آؤٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ توڑی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، ڈی سلوا نے 73 رنز کی اننگز کھیلی۔

187 کے اسکور پر عادل نے کرونارتنے کو بھی پویلین رخصت کر کے سری لنکا بڑا نقصان پہنچایا، انہوں نے 83 رنز بنائے۔

اس کے بعد عادل اور بین سٹوکس نے میزبان ٹیم کے کھلاڑیوں کو زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہرنے دیا اور پوری ٹیم 240 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

اینجلو میتھیوز 5، کوشل مینڈس 27، روشن سلوا 3، نروشن ڈکویلا 5، دلروون پریرا صفر، سنداکن 2 اور پشپاکمارا 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ابتدائی بلے بازوں کے شاندار کھیل کے بعد میزبان ٹیم نے 67 رنز کے اضافے سے آخری 9 وکٹیں گنوائیاور اس طرح انگلش ٹیم کو 96 رنز کی برتری مل گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے عادل نے 5 اور بین اسٹوکس نے 3 وکٹیں لیں۔

جب خراب روشنی کے باعث دوسرے دن کا کھیل جلد ختم کیا گیا تو انگلینڈ نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان 3 رنز بنا کر مجموعی طور پر 99 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی، رورے برنز 2 اور کیٹن جیننگز 1 رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔