'میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا'
بولی وڈ اداکارہ پریتی زنٹا کو گزشتہ دنوں می ٹو مہم کے حوالے سے بیان پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اب انہوں نے اس حوالے سے ٹوئٹر پر معذرت اور وضاحت جاری کی ہے۔
خیال رہے کہ می ٹو مہم کے حوالے سے اداکارہ نے کہا تھا ’میرا خیال ہے کہ می ٹو مہم کا شروع ہونا ضروری تھا، لیکن خواتین کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس مہم کو صحیح جگہ استعمال کریں، کیوں کہ ایسی بھی بہت سی خواتین ہیں جو اپنے مفاد کے لیے اسے استعمال کررہی ہیں تاکہ انہیں مقبولیت مل سکے‘۔
اس پر پریتی سے سوال کیا گیا کہ کیا انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں سے کبھی کسی نے انہیں جنسی ہراساں کیا؟ تو اس پر اداکارہ نے ہنستے ہوئے حیران کن جواب دے ڈالا۔
مزید پڑھیں : کاش مجھے بھی کوئی جنسی ہراساں کرتا، پریتی
پریتی زنٹا کا کہنا تھا کہ ’نہیں میرے ساتھ می ٹو کا کوئی تجربہ نہیں، لیکن کاش ہوتا، تاکہ میں بھی کچھ شیئر کرسکتی‘۔
اب بولی وڈ اداکارہ نے انٹرویو لینے والے صحافی پر الزام عائد کیا ہے کہ ان کے بیان کو ایڈٹ کرکے اس معاملے کو غیراہم اور غیر حساس بنایا گیا 'میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا'۔
انہوں نے انٹرویو کے حوالے سے وضاحت کی 'میرے مسکراتے ہوئے یہ کہنے کہ کاش فلم انڈسٹری میں میرے ساتھ بھی ایسا ہوتا، کی وجہ یہ تھی کہ میں ایسے فرد کو تھپڑ مار کر ردعمل ظاہر کرتی، مگر ایسا نہیں ہوا اور بہت عرصے بعد جب بھی ایسا ہوا ہوگا، میں ردعمل ظاہر کروں گی اور پوری دنیا دیکھے گی۔ یہ کہنے کے بعد مجھے احساس ہوا کہ ہر ایک جوابی حملہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوتا اور میں ان خواتین کو غیراہم نہیں بنانا چاہتی جو کسی ظلم کانشانہ بنیں'۔
پریتی زنٹا نے کہا ' سویٹو اور می ٹو کی بات میری نہیں بلکہ میں نے ایک مرد کا حوالہ دیا تھا، جس کا مطلب یہ تھا کہ دفاتر میں خواتین کے حوالے سے مرد اب زیادہ محتاظ ہوگئے ہیں'۔
ان کے بقول ' جس وجہ سے میں اس مہم کو جھوٹے الزامات سے بچانا چاہتی ہوں وہ یہ ہے کہ میرا بھائی اس سے گزرا اور اس نے خودکشی کرلی، مردوں کو خودکار طو رپر مجرم نہٰں سمجھ لینا چاہئے'۔
پریتی زنٹا کے کزن نے 2016 میں اس وقت خودکشی کرلی تھی جب سسرالی رشتے داروں کی جانب سے اس پر ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کیا گیا۔
اداکارہ نے بیان کے اختتام میں کہا کہ انہیں توقع ہے کہ انہیں مستقبل میں خواتین کا زیادہ اعتماد حاصل ہوگا، کیونکہ اگر ہم اکھٹے کھڑے نہ ہوئے تو مہم بھی نہیں رہے گی۔
ریتی زنٹا کئی سال قبل اپنے سابق بوائے فرینڈ نیس واڈیا پر انہیں جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگا چکی ہیں۔
نیس واڈیا پریتی زنٹا کے سابق بوائے فرینڈ تھے، تاہم 4 سال تک ساتھ رہنے کے بعد ان دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا، جس کے بعد پریتی نے نیس واڈیا کے خلاف ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کروایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پریتی کا سابق بوائے فرینڈ کے خلاف مقدمہ
اپنی شکایت میں پریتی نے کہا تھا کہ نیس واڈیا نے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں انہیں ہراساں کرنے کے علاوہ ڈرایا، دھمکایا اور گالیاں بھی دیں۔