عمران خان کے آئیڈیل مہاتیر محمد نے 100 دن میں کیا کیا؟
ملائیشیا کے 14ویں الیکشن میں کامیابی سمیٹنے کے لیے مہاتیر محمد اور ان کی اتحادی جماعتوں نے 100 دن کا 10 نکاتی ایجنڈا پیش کیا تھا۔ 100 دن کا یہ 10 نکاتی ایجنڈا اگرچہ بظاہر ناممکن تھا، لیکن تھا پاپولر، لہٰذا اسی کی بنیاد پر انتخابات لڑے گئے اور عوام کو مسلسل یہ یقین دلایا جاتا رہا کہ مہاتیر محمد کی قیادت میں یہ ہدف باآسانی حاصل کیا جاسکتا ہے۔
یہ 10 نکاتی ایجنڈا کیا تھا، آئیے ایک نظر ڈالتے ہیں۔
1: حکومت جنرل سیلز ٹیکس ختم کرے گی۔
2: پیٹرول کی قیمت میں توازن لائے گی اور پیٹرول پر سبسڈی دے گی۔
3: فیڈرل لینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی سیٹلرز (FELDA Settlers) پر غیر ضروری قرض ختم کیے جائیں گے۔
4: گھریلو خواتین کے لیے ای پی ایف کنٹریبیوشن (Employees' Provident Fund Contribution) شروع کیا جائے گا۔
5: قومی سطح پر کم از کم اجرت کو برابر کیا جائے گا اور کم از کم اجرت کو بڑھانے کے لیے اقدامات شروع کیے جائیں گے۔
6: جن گریجویٹس کی تنخواہ 4 ہزار ملائیشین رنگٹ سے کم ہے ان کی تعلیم کی خاطر لیے گئے قرضوں کی ادائیگیوں کو فوراً التوا میں ڈالا جائے گا اور بلیک لسٹ کرنے کی پالیسی کو ہمیشہ کے لیے ختم کردیا جائے گا۔
7: ملکی اداروں کو نقصان پہنچانے والے تمام اسکینڈلز کی تحقیقات اور ان اداروں کے نظام میں اصلاحات لانے کے لیے شاہی کمیشنر بنائے جائیں گے۔
8: ملائیشیا ایگریمنٹ 1963ء کو اس کی اصل حالت میں لاگو کرنے کے لیے اسپیشل کیبینٹ کمیٹی بنائی جائے گی۔
9: صحت سے متعلق پالیسی کو جانچا جائے گا اور کم آمدن والے افراد کے علاج سے متعلق بہت پالیسی کو نافذ کیا جائے گا۔
10: ملائیشیا کے تمام بڑے منصوبوں کی تعمیر سے متعلق بیرون ملک دیے گئے ٹھیکوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
عوام میں یہ 10 نکاتی ایجنڈا مقبول ہوا، مہاتیر محمد اور ان کی اتحادی جماعتیں 9 مئی 2018ء کو الیکشن جیت گئیں اور مہاتیر محمد ملائیشیا کے 7ویں اور دنیا کے ظعیف العمر وزیراعظم منتخب ہوگئے۔
الیکشن جیتنے کے بعد حکومت کے سامنے سب سے بڑا پہاڑ 100 دن کا 10 نکاتی ایجنڈا تھا۔ حکومت نے محنت شروع کی اور تمام تر کوششوں اور وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے 100 دن میں صرف 2 وعدے مکمل کیے، 3 وعدوں پر کام شروع کیا اور باقی 5 نکات پر سرے سے کوئی کام شروع ہی نہیں ہوا۔ حزب اختلاف، میڈیا اور عوام نے حکومت سے سوالات کرنا شروع کردیے اور عوام سے جھوٹ بولنے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔