کھیل

جنید انجری کا شکار، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے باہر

فاسٹ باؤلر کے سیدھے پاؤں کے انگوٹھے میں انفیکشن کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد وہ ون ڈے سیریز کے بقیہ میچ نہیں کھیل سکیں گے۔

پاکستانی فاسٹ باؤلر جنید خان پاؤں کی انجری کا شکار ہو کر نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

جنید خان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں کچھ خاطر خواہ اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ تو نہیں کیا تھا لیکن ان کی قومی ٹیم میں مستقل واپسی کی امیدیں روشن ہونے لگی تھیں لیکن انجری کے نتیجے میں فاسٹ باؤلر ایک مرتبہ پھر ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں۔

جنید کو سیدھے پاؤں میں تکلیف کی شکایت ہوئی جس کے بعد قومی ٹیم کے فزیو نے ان کا معائنہ کیا۔

مزید پڑھیں: کیا نیوزی لینڈ نے منصوبہ بندی کے تحت حفیظ کو نشانہ بنایا؟

فزیو کے معائنے کے بعد فاسٹ باؤلر کے سیدھے پاؤں کے انگوٹھے میں انفیکشن کا انکشاف ہوا جس کے نتیجے میں وہ دوسرے ون ڈے میچ کے سات ساتھ پوری ون ڈے سیریز سے باہر گئے ہیں۔

ابھی جنید کی جگہ کسی متبادل کا اعلان نہیں کیا گیا لیکن اگر ضرورت محسوس ہوئی تو جلد جنید کی جگہ کسی کھلاڑی کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔