کیا آپ پوری زندگی برگر غلط طریقے سے کھاتے آئے ہیں؟
اگر تو آپ اکثر برگر کھانا پسند کرتے ہیں تو ایک مسئلے کا سامنا ہر وقت ہوتا ہوگا اور وہ ہے اس میں موجود اشیاءکا وزن بن کے لیے ناقابل برداشت ہوجاتا ہے جس کے نتیجے میں کافی کچھ کھانے کے دوران کپڑوں پر گرجاتا ہے۔
اب برگر جیسا مرضی ہو یعنی ڈبل چیز ہو یا کوئی، درحقیقت آج تک لوگ اسے غلط طریقے سے ہی کھاتے رہے ہیں۔
جی ہاں واقعی اور یہ ہمارا دعویٰ نہیں بلکہ فوڈ بلاگرز کا کہنا ہے۔
مزید پڑھیں : دنیا کے سب سے مہنگے برگر کی فروخت
ان کے بقول برگر کھانے کا درست طریقہ یہ ہے کہ اسے الٹا کرلیں، یعنی بن کا نیچے والا حصہ اوپر جبکہ اوپر والا حصہ نیچے ہو۔
اگر آپ نے کبھی غور کیا ہو تو یقیناً جانتے ہوں گے کہ برگر کا اوپر والا حصہ جسے کراﺅن بھی کہا جاتا ہے، موٹا ہوتا ہے جبکہ نیچے والا اس کے مقابلے پتلا ہوتا ہے۔
تو جب آپ اس موٹے حصے کو الٹا کرکے نیچے کردیں تو وہ گوشت، سبزیوں اور دیگر اجزاءکے بوجھ کو پتلے حصے کے مقابلے میں زیادہ برداشت کرسکے گا اور ہاتھوں میں اس کے ٹکڑے ہونے کا امکان بہت کم ہوگا۔