تنوشری دتہ نے راکھی ساونت کے’ریپ‘ الزامات پر خاموشی توڑ دی
بولی وڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے اگرچہ گزشتہ ماہ 26 ستمبر کو اداکار نانا پاٹیکر پر 2008 میں فلم ’ہارن اوکے پلیز’ کی شوٹنگ کے دوران جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کرکے بھارت میں ‘می ٹو’ مہم کا آغاز کیا تھا۔
تاہم جلد ہی تنوشری دتہ کے خلاف اداکارہ راکھی ساونت سامنے آئیں، جنہوں نے پہلے دن سے ہی تنوشری دتہ کے الزامات کو مسترد کیا تھا۔
راکھی ساونت نے تنوشری دتہ کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں نانا پاٹیکر سمیت کسی نے جنسی طور پر ہراساں نہیں کیا، بلکہ اس دن خود تنوشری دتہ نشے میں تھیں اور فلم کی شوٹنگ کے دوران وہ سارا دن وین میں سوتی رہی تھیں۔
راکھی ساونت کی جانب سے الزامات لگانے کے بعد تنوشری دتہ نے ان کے خلاف عدالت میں 10 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔
تنوشری دتہ کی جانب سے دعویٰ دائر کیے جانے کے بعد راکھی ساونت نے بھی جوابی ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کیا تھا۔راکھی ساونت نے کہا تھا کہ وہ تنوشری دتہ کے خلاف 50 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ دائر کریں گی۔
تاہم راکھی ساونت نے ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے سے پہلے ہی ایک پریس کانفرنس کے ذریعے تنوشری دتہ پر مزید کئی الزامات لگانے سمیت ان کی شخصیت سے متعلق حیران کن انکشافات کیے تھے۔