برازیل آخر خودکشی کیوں کرنا چاہتا ہے؟
اتوار کو برازیل میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے دوسرے راؤنڈ میں یہ بات تقریباً طے ہوچکی ہے کہ دائیں بازو کی انتہائی ناپسندیدہ شخصیت ژائر بولسونارو (Jair Bolsonaro) اقتدار میں آجائیں گے۔
برازیل جنوبی امریکا کا سب سے بڑا ملک اور دنیا کی چوتھی بڑی جمہوریت ہے، لیکن اب اس بات کا خدشہ بہت بڑھ گیا ہے کہ یہ اعزاز اور یہ رتبہ اب برازیل کے پاس زیادہ عرصے شاید برقرار نہ رہ سکے، کیونکہ ژائر بولسونارو فوجی آمریت کی کھلے لفظوں میں تعریف کرچکے ہیں۔ مگر فی الوقت ووٹوں کی اہمیت اپنی جگہ موجود ہے اور لگتا ہے کہ وہ ان میں سے زیادہ تر حاصل کرلیں گے۔
درحقیقت اس ماہ کے آغاز میں ہونے والے پہلے راؤنڈ میں بولسونارو 46 فیصد سے بھی زیادہ ووٹ حاصل کرکے جیت کے بالکل قریب پہنچ چکے ہیں۔ جبکہ ان کے مدمقابل ورکرز پارٹی (پی ٹی) کے فرنانڈو حداد (Fernando Haddad) دُور دوسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے محض 29 فیصد ووٹ حاصل کیے تھے۔