ایک دن زیارت اور اس کی خاموشی کے ساتھ!
پہاڑی سلسلہ ختم ہونے کے بعد سیب اور چیری کے باغات نظر آنے لگتے ہیں جو بظاہر سوکھی اور بنجر زمین سے گھرے ہیں۔
ایک دن زیارت اور اس کی خاموشی کے ساتھ!
آبشاریں، سبز یا سفید چادر اوڑھے بلند و بالا پہاڑ، لہلہلاتے کھیت کھلیان، نیلگوں جھیلیں، بل کھاتے دریا، بلاشبہ یہ سب قدرتی حسن کی گواہی دیتے ہیں اور آنکھوں کو بھاتے ہیں۔ مگر فطری حُسن کے دیگر ایسے بھی پہلو ہیں، جو اپنی منفرد خوبصورتی کے عجب اور دلکش رنگ پیش کرتے ہیں۔ قدرت نے کچھ ایسے ہی منفرد رنگ بلوچستان کی سرزمین کو بھی بخشے ہیں لہٰذا سوچا گیا کہ کیوں نہ بلوچستان کی سیر کی جائے۔
ہم نے بلوچستان کی سیر کا آغاز زیارت سے کرنے کا فیصلہ کیا۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی زندگی کے آخری ایام زیارت میں واقع اپنی قیام گاہ میں گزارے تھے۔ ہم اس تاریخی عمارت اور دیگر مقامات دیکھنے کے لیے چند دوستوں کے ہمراہ کراچی سے زیارت کے لیے صبح 7 بجے روانہ ہوئے اور 10 گھنٹے کے سفر کے بعد کوئٹہ پہنچ گئے۔