لوگوں کا اداکار سے کنگنا رناوٹ کی سچائی سامنے لانے کا مطالبہ
بھارت میں ‘می ٹو’ مہم زوروں پر ہے، جس کے تحت اداکاراؤں سمیت دیگر خواتین اپنے ساتھ ہونے والے نازیبا سلوک اور رویوں پر بات کرتی نظر آ رہی ہیں۔
بھارت میں اگرچہ اس مہم کی شروعات بھی گزشتہ برس ہی ہوچکی تھی، تاہم یہ مہم گزشتہ ماہ 26 اکتوبر کو بھارت میں اس وقت ایک بار پھر شروع ہوئی جب اداکارہ تنوشری دتہ نے نانا پاٹیکر پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا۔
اب اسی مہم کے تحت متعدد اداکاروں اور فلم سازوں یہاں تک صحافیوں اور سیاستدانوں تک خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگ چکا ہے۔
اسی مہم کے تحت رواں ماہ 11 اکتوبر کو پہلی بار ایک بھارتی اداکارہ نے دوسری اداکارہ پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام بھی عائد کیا تھا۔
بھارت کی جنوبی افریقی نژاد کامیڈین، میزبان اور اداکارہ 34 سالہ کنیز سرکا نے ساتھی اداکارہ، کامیڈین اور لکھاری 30 سالہ ادیتی متل پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگاتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ساتھی اداکارہ نے انہیں ان کی رضامندی کے بغیر سب کے سامنے بوسہ دیا۔
تاہم اب بھارت کے عام افراد کی جانب سے ایک اداکار سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ اداکارہ کنگنا رناوٹ کی سچائی سامنے لائیں اور بتائیں کہ اداکارہ نے ان کے ساتھ کیا سلوک کیا تھا؟
ٹوئٹر پر لوگوں نے اداکار آدھیان ثمن سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک بار پھر 2 سال قبل بتائی گئی بات عوام کے سامنے لائیں، تاہم اداکار نے فور طور پر ایسا کرنے سے انکار کردیا۔