پنجاب میں 'صاف پانی' کا منصوبہ کس طرح بربادی کا شکار ہوا؟
پنجاب میں صاف پانی کا منصوبہ کس طرح بربادی کا شکار ہوا
ملتان روڈ سے تھوڑے فاصلے پر ایک لگژری گولف کلب اور واٹر ریزارٹ میں پانی کے فوارے پھوٹ رہے ہیں۔ اندر کا ماحول عام لوگوں کی زندگی سے نہایت مختلف ہے۔ یہاں غور و خوض سے ڈیزائن کی گئی شجرکاری کے ساتھ ساتھ انتہائی نفاست سے تراشے ہوئے باغات، بہترین دیکھ بھال والے گولف کے میدان اور ریت کے مصنوعی گڑھے بھی ہیں۔
واٹر اسپورٹس کی سہولیات بھی ایک بڑے رقبے پر محیط ہیں۔ ریزارٹ کے اوپر موجود صاف، نیلا آسمان اور مصنوعی طور پر برستا ہوا صاف شفاف پانی آس پاس کے علاقے سے بالکل متضاد ہے۔ یہ لاہور کے نزدیک انتہائی صنعتی اور انتہائی آلودہ علاقے میں واقع ہے۔ یہاں ہر طرح کی فیکٹریاں اور پلانٹ اس ریزارٹ کے خوبصورت ماحول کے ارد گرد زہریلا دھواں اگلتے اور خطرناک فضلہ پھینکتے رہتے ہیں۔ یہاں زیرِ زمین پانی زہریلا ہے، زمین مختلف کیمیکلز سے بھری ہوئی ہے جبکہ فضا میں بھی مختلف خطرناک گیسز موجود ہیں۔