عراق میں خواتین اسٹارز اور سماجی کارکنوں کا سلسلہ وار قتل کیوں؟
ایک ہی ہفتے میں خواتین اسٹار اور سماجی کارکنوں کی ہلاکت کے بعد سابق مِس عراق کو بھی قتل کرنے کی دھمکی موصول
تشدد زدہ اور خانہ جنگی کے شکار ملک عراق میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ایک سماجی کارکن اور ایک انسٹاگرام اسٹارز خاتون کے پراسرار قتل نے ملک میں بے چینی پھیلادی۔
ایک ہی ہفتے میں 2 خوبصورت اور بہادر خواتین کے قتل کے بعد سابق مس عراق نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں بھی قتل کرنے کی دھمکی ملی ہے۔
2015 میں مس عراق منتخب ہونے والی شیما قاسم نے 30 ستمبر کو آن لائن اسٹریمنگ کے ذریعے روتے ہوئے بتایا کہ انہیں بھی نامعلوم افراد سے قتل کی دھمکیاں ملی ہیں۔
شیما قاسم کے مطابق انہیں مختصراً بتایا گیا کہ قاتلوں کا اگلا نشانہ سابق مس عراق ہیں۔
آن لائن اسٹریمنگ کے دوران ان کے چہرے سے خوف اور مایوسی نظر آ رہی تھی، جب کہ مسلسل رونے کی وجہ سے وہ ٹھیک طرح سے بات بھی نہیں کر پا رہی تھیں۔