کربلا میں گزارے گئے عشرہ محرم کی چند یادیں
ہوٹل پہنچتے ہی پوچھا کہ حضرت امام حسین کا روضہ کتنی دور ہے؟ کہا گیا پیچھےدیکھیں! گردن گھمائی تو روضہ آنکھوں کےسامنے تھا
کربلا میں گزارے گئے عشرہ محرم کی چند یادیں
بچپن ہی سے دل میں ایک تڑپ، جنون اور جوش موجود تھا اور سینے میں موجود اس چاہت کی منزل کربلا تھی۔ کربلا (عراق) میں محرم الحرام میں کیسا ہوتا ہوگا؟ بس یہ سوچ اور فکر شدت اختیار کرگئی تو اس ناچیز کو کربلا جانے کی سعادت بھی حاصل ہوگئی۔
2015ء میں 4 محرم الحرام کو ہم کنیکٹنگ فلائیٹ کے ذریعے عراق کے شہر بغداد پہنچے۔ بغداد ائیرپورٹ پر ہم جیسے ہی جہاز سے باہر آئے تو آنکھیں اشکبار ہوگئیں، اس کی وجہ اس زمین سے وابستہ عقیدت و احترام ہے۔
ہم ایک قافلے کے ساتھ عراق آئے تھے۔ قافلے میں موجود حضرات تمام سفر کے دوران رہنمائی کرتے رہے۔ ائیرپورٹ پر انہوں نے اعلان کیا کہ امیگریشن کروا کے آپ لوگ ایک جگہ جمع ہوجائیں تاکہ بسوں میں بیٹھ سکیں، اس سفر میں میرے بھائی اور بھابھی بھی ساتھ تھے، وہ دونوں بھی عراق پہلی بار آئے تھے۔