‘زندگی کے ہر لمحے کو جینا چاہتی ہوں’
کینسر کے مرض کا شکار ہونے والی بولی وڈ کی 43 سالہ اداکارہ سونالی باندرے جو ان دنوں علاج کی غرض سے امریکا میں موجود ہیں۔
انہوں نے گزشتہ ماہ 10 جولائی کو اپنے لمبے، گھنے اور سیاہ بالوں کو چھوٹا کروایا تھا، تاہم اب انہوں نے علاج کی غرض سے اپنے بال مکمل کٹوا لیے ہیں۔
ہائی اسٹیج کے کینسر کے مرض میں مبتلا زیادہ تر افراد کے بال جھڑ جاتے ہیں، تاہم اداکارہ نے بہتر علاج کے لیے پہلے سے ہی اپنے بالوں کی قربانی دی اور انہوں نے نہ صرف بالوں کو چھوٹا کروانے کی تصاویر مداحوں سے شیئر کی تھیں بلکہ انہوں نے مکمل طور پر بال ختم کروانے کے بعد کی تصویر بھی مداحوں سے شیئر کی۔
سونالی باندرے نے 5 اگست کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصویر شیئرکی جس میں وہ سیاہ لباس اور سیاہ چشمے کے ساتھ بغیر بالوں کے اپنی سہیلیوں کے ساتھ خوشگوار موڈ میں مشروب پیتی دکھائی دیں۔
انہوں نے بغیر بالوں کے اپنی تصویر مداحوں سے شیئر کرتے ہوئے جہاں درد سے بھرا پیغام شیئر کیا وہیں انہوں نے بیماری سے لڑنے کے اپنے عزم کا اظہار بھی کیا، ساتھ ہی انہوں نے دوستوں اور مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
43 سالہ سونالی باندرے نے بغیر بالوں کے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ تصویر میں نظر آنے والی وہ ہیں اور یہ لمحات ان کے لیے بہت ہی خاص ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سونالی باندرے کینسر کے علاج کے دوران ‘رو پڑیں‘
انہوں نے لکھا کہ وہ جانتی ہیں کہ لوگ انہیں عجیب نظروں سے دیکھ رہے ہوں گے، لیکن ٰوہ زندگی کے ان لمحات سے بہت مطمئن اور خوش ہیں۔
سونالی باندرے نے لکھا کہ وہ زندگی کے ہر لمحے کو جینا چاہتی ہیں اور وہ وقت ضائع کیے بغیر ہر آنے والے پل میں خوشی تلاش کرنے کی جستجو کرتی ہیں۔
انہوں نے تصویر میں موجود اپنی سہیلیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ اگرچہ وہ جانتی ہیں کہ یہ لمحات درد بھرے اور تکلیف دہ ہیں تاہم وہ اپنی سہیلیوں کے ساتھ وقت گزار کر اچھا محسوس کر رہی ہیں، کیوں کہ وہ تمام لوگ ان کے ساتھ ہیں جن سے وہ محبت کرتی ہیں۔
سونالی باندرے نے اپنی پوسٹ میں رلانے والا مذاق لکھتے ہوئے لکھا کہ انہیں آج کل تیار ہونے میں زیادہ وقت نہیں لگتا، کیوں کہ اب ان کے پاس لمبے بال نہیں۔
خیال رہے کہ سونالی باندرے نے گزشتہ ماہ 4 جولائی کو انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے ہی انکشاف کیا تھا کہ انہیں کینسر لاحق ہوگیا ہے، جس کے بعد وہ امریکا میں علاج کے لیے منتقل ہوگئی تھیں۔