رشی کپور’ڈرٹی اولڈ مین’ اور خشونت سنگھ
بولی وڈ میں ان دنوں شخصیات کی زندگی پر فلمیں بنانے کا رواج چل پڑا ہے، جہاں اس وقت بھارت کے سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ پر فلم بنائے جانے پر کام جاری ہے۔
وہیں نریندر مودی کی زندگی پر مختصر فلم ‘چلو جیتے ہیں‘ کو ریلیز کردیا گیا۔
نہ صرف من موہن سنگھ اور نریندر مودی بلکہ کئی کھلاڑیوں، صحافیوں، سیاستدانوں، اداکاروں اور ناول نگاروں پر بھی بولی وڈ میں فلمیں بنائے جانے کی چہ مگوئیاں جاری ہیں۔
اس حوالے سے تازہ اطلاعات یہ ہیں کہ جلد ہی بھارت کے معروف مصنف، ناول نگار، تاریخ دان، صحافی اور سیاستدان خشونت سنگھ کی زندگی پر بھی فلم بنائے جانے پر کام شروع کردیا جائے گا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ خشونت سنگھ کا کردار نبھانے کے لیے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کے والد رشی کپور سے رابطہ کیا گیا ہے۔
رشی کپور جہاں آج کل اس بات پر بہت خوش ہیں کہ ان کے بیٹے رنبیر کپور کو ‘سنجو’ کی کامیابی کے بعد دیگر فلموں میں بھی کام کرنے کی پیش کش ہو رہی ہے، وہیں وہ خود آنے والی فلم میں بھی ایک ناول نگار، صحافی اور سابق سیاستدان کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں ایک اور نشریاتی ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ رشی کپور نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان سے خشونت سنگھ کا کردار ادا کرنے کے لیے رابطہ کیا گیا ہے۔