لائف اسٹائل

‘بھارت’ میں سلمان خود سے صرف 9 سال بڑے اداکار کے بیٹے

52 سالہ دبنگ ہیرو فلموں میں خود سے 20 سے 30 سال چھوٹی اداکاراؤں کے ہیرو بنتے آئے ہیں۔

بولی وڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان اگرچہ فلموں میں خود سے 20 سے 30 سال چھوٹی اداکاراؤں کے ہیرو بنتے دکھائی دیتے ہیں۔

تاہم وہ آنے والی فلم ‘بھارت’ میں خود سے محض 9 سال بڑے اداکار کے بیٹے بنیں گے۔

سلمان خان کی فلم بھارت کی شوٹنگ کا آغاز ہوچکا ہے اور اداکارہ پریانکا چوپڑا جو سلمان خان سے کم سے کم 15 سال چھوٹی تھیں انہوں نے اپنی ممکنہ منگنی اور شادی کی وجہ سے فلم میں کام کرنے سے معزرت کرلی۔

اگرچہ فلم کی ٹیم کو سلمان خان کی ہیروئن ڈھونڈنے میں مشکلات درپیش ہیں، تاہم اطلاعات ہیں کہ بھارت میں کترینہ کیف، کرینہ کپور، انوشکا شرما یا جیکولین فرنانڈس میں سے کسی ایک کو کاسٹ کیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پریانکا چوپڑا نے ’بھارت‘ میں کام سے انکار کردیا

لیکن ہیروئن سے ہٹ کر اس فلم کے حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ اس میں سلمان خان کے والد کا کردار ایک ایسے معروف اداکار کریں گے جو سلمان خان سے عمر میں محض 9 سال بڑے ہیں۔

جیکی شروف اور سلمان خان کی عمر میں 9 سال کا فرق ہے—اسکرین شاٹ یوٹیوب

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ‘بھارت‘ میں معروف اداکارہ 61 سالہ جیکی شروف 52 سالہ سلمان خان کے والد کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

رپورٹ کے مطابق جیکی شروف نے فلم کا اسکرپٹ پڑھنے کے بعد اس میں کام کرنے کی رضامندی ظاہر کی اور ساتھ ہی انہوں نے فلم کی کہانی کو بہترین بھی قرار دیا۔

مزید پڑھیں: سلمان خان کیلئے ہیروئن ڈھونڈنا مسئلہ بن گیا

اب فلم میں جیکی شروف خود سے محض 9 سال چھوٹے اداکار کے والد کا کردار ادا کریں گے۔

اس فلم میں سلمان خان اور جیکی شروف کے علاوہ دیشا پٹنانی اور مراکش کینیڈین ڈانسر نور الفتیحی بھی جلوے بکھیرتی نظر آئیں گی۔

یہ فلم 2014 کی جنوبی کوریا کی فلم ’اوڈ ٹو مائے فادر‘ کی کہانی پر مبنی ہے۔

اس کی پروڈکشن سلمان خان کی بہن الویرا اور بہنوئی اتل اگنیہوتری کررہے ہیں۔

اس فلم میں 60 سال کا دور دکھایا جائے گا، جس میں سلمان خان 5 الگ انداز کے لکس میں نظر آئیں گے، فلم میں باپ اور بیٹے کے تعلقات کو بھی دکھایا جائے گا۔

پریانکا کے انکار کے بعد اب دیکھنا یہ ہے کہ سلمان کی ہیروئن کون بنتی ہیں—فوٹو: اسپاٹ ای