جھانوی کپور بولی وڈ کی اگلی سپر اسٹار؟
پہلی فلم کے ریلیز ہوتے ہی اداکارہ نے فلم سازوں کی توجہ حاصل کرلی، والد انہیں گلیمر کردار میں پیش کرنے کا سوچنے لگے۔
بولی وڈ کی آنجھانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور کی پہلی فلم ‘دھڑک’ 20 جولائی کو ریلیز کی گئی تھی، جس نے پہلے ہی دن ساڑھے 8 کروڑ روپے کماکر نیا ریکارڈ بنایا تھا۔
‘دھڑک’ ریکارڈ کمائی کے ساتھ بولی وڈ کے نئے اداکاروں کی وہ پہلی فلم بن گئی ہے، جس نے ریلیز کے پہلے دن 8 کروڑ 50 لاکھ سے زائد کی کمائی کی۔
ساتھ ہی فلم نے ابتدائی 3 دن کے اندر 25 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی ہے، جب کہ فلمی تجزیہ نگار، پروڈیوسرز، ڈائریکٹرز اور اداکار اس کے ذریعے کیریئر کا آغاز کرنے والی جھانوی کپور کی تعریفیں کر رہے ہیں۔
اپنی تعریفیں کیے جانے کے بعد گزشتہ روز جھانوی کپور نے وضاحت کی تھی کہ وہ ابھی خود کو اسٹار نہیں سمجھتیں بلکہ وہ اس وقت اداکاری سیکھ رہی ہیں۔