لائف اسٹائل

بیٹی کی محبت پر عالیہ بھٹ کے والد بول پڑے

ان دنوں فلم ساز مہیش بھٹ کی چھوٹی بیٹی عالیہ بھٹ اور اداکار رنبیر کپور کی محبت کی خبریں گردش میں ہیں۔
Welcome

بولی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اگرچہ ان دنوں چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کے ساتھ آنے والی فلم ’براہمسٹرا‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

تاہم وہ اپنی فلم نہیں بلکہ فلم کے ہیرو کے ساتھ محبت کی چہ مگوئیوں کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔

اگرچہ دونوں نے واضح طور پر ایک دوسرے کی محبت کا اعتراف نہیں کیا، تاہم گزشتہ ایک سال سے انہیں متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا۔

یوں تو رنبیر کپور نے ڈھکے چھپے الفاظ میں عالیہ بھٹ سے تعلقات اور محبت کا نیا قرار دے کر اس پر بات کرنے سے بھی معذرت کی ہے، تاہم وہ یہ بھی کہ چکے ہیں کہ محبت ہوجانے کے بعد انہیں سادہ پانی بھی شربت لگنے لگا ہے۔

یہ بھی اطلاعات ہیں کہ ایک دوسرے کی محبت کی خاطر دونوں وہ کام بھی کرنے پر مجبور ہیں، جو انہیں ذاتی طور پر پسند نہیں۔

خبریں ہیں کہ عالیہ بھٹ جنہیں فٹ بال پسند نہیں لیکن وہ رنبیر کپور سے محبت کی وجہ سے فٹ بال کو پسند کرنے لگی ہیں، بات یہیں تک ختم نہیں ہوتی، بلکہ دونوں نے روس میں جاری فٹ بال کے عالی ورلڈ کے کئی میچز بھی ساتھ دیکھے۔

—فوٹو: پنک ولا

گزشتہ روز عالیہ بھٹ اور ان کے والد فلم ساز مہیش بھٹ کو اداکار رنبیر کپور کے گھر میں رات گئے دیکھا گیا اور ان کی وہاں کی تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوئیں، جس کے بعد بھارتی میڈیا میں طرح طرح کی خبریں شائع ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’میں اور عالیہ اپنے رشتے کو ریئلٹی شو نہیں بنانا چاہتے‘

عالیہ بھٹ کو رنبیر کپور کی والدہ 60 سالہ نیتو کپور کی سالگرہ تقریب میں دیکھا گیا، جہاں انہوں نے رنبیر کے اہل خانہ کے ساتھ خوب تصاویر کھچوائیں۔

جوان بیٹی کی محبت اور ان کی وائرل ہوتی تصاویر پر مہیش بھٹ سے بھی خاموش رہا نہیں گیا اور انہوں نے عالیہ بھٹ کے تعلقات کے حوالے سے کھل کر بات کردی۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی تصاویر اور ان کے تعلقات کے حوالے سے فوٹوگرافرز سے بات چیت کے دوران مہیش بھٹ نے واضح کیا کہ وہ بیٹی کے اس قدم پر کیا سوچتے ہیں۔

مہیش بھٹ کا کہنا تھا کہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے تعلقات کے درمیان عام لوگوں کو کباب میں ہڈی کی طرح کا کردار ادا نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے بیٹی کی تصاویر چوری کھینچ کر سوشل میڈیا اور میڈیا میں شائع کرنے پر بھی فوٹوگرافرز پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عالیہ اور رنبیر کی تصاویر دیکھی ہیں۔

فلم ساز نے مزید کہا کہ وہ ان والدین میں سے نہیں جو اپنے بچوں پر مرضی تھوپنا چاہتے ہیں۔

مزید پڑھیں: رنبیر نے عالیہ کے ساتھ اپنے تعلق کونئی محبت قرار دے دیا

مہیش بھٹ کا کہنا تھا کہ عالیہ بھٹ بالغ ہے اور وہ اپنا برا بھلا جانتی ہے، ساتھ ہی انہوں نے بیٹی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ رنبیر کپور سے محبت ان کا ذاتی معاملہ ہے، اس لیے وہ اس میں مداخلت نہیں کریں گے۔

مہیش بھٹ نے مزید بتایا کہ عالیہ بھٹ اور ان کی بڑی بیٹی پوجا بھٹ میں بہت فرق ہے، عالیہ بھٹ کو اپنی پرائیویسی اور ذاتی تعلقات کو اپنی ذات تک محدود رکھنا ہی پسند ہے، جب کہ پوجا بھٹ تمام معاملات سب کے سامنے کرتی ہیں۔

فلم ساز نے اپنے انٹرویو کے دوران وضاحت کی کہ اگر عالیہ بھٹ ہی رنبیر کپور سے تعلقات چاہتی ہے تو انہیں ان دونوں کے تعلقات پر کوئی اعتراض نہیں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے درمیان محبت ہوجانے کے بعد آئندہ 2 برس میں ان کی شادی ہوجانے کا امکان ہے، تاہم تاحال انہوں نے خود اس بات کا اعلان نہیں کیا۔

—فوٹو: ہندوستان ٹائمز