سلمان خان کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کا انکشاف
بھارتی ریاست ہریانہ کی پولیس نے بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان کو قتل کرنے کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ سلمان خان کو قتل کرنے کا ارادہ کرنے والا ملزم کس کے کہنے پر اداکار کو قتل کرنا چاہتا تھا۔
تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پرسلمان خان کو ریاست راجستھان کے بشنوئی قبیلے کے بااثر افراد کی جانب سے قتل کرانے کی کوشش کی گئی ہوگی۔
کیوں کہ رواں برس جنوری میں راجستھان کے بشنوئی قبیلے کے بااثر افراد نے سلمان خان کو 1998 میں نایاب کالے ہرن کا شکار کرنے کے معاملے پر قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔
بشنوئی قبیلے کے افراد سے متعلق کہا جاتا ہے کہ وہ نایاب کالے ہرن کی پوجا کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نایاب ہرن کے شکار کیس میں کب کیا ہوا؟
بھارتی نشریاتی ادارے ’ایشین نیوز انٹرنیشنل‘ (اے این آئی) کے مطابق ریاست ہریانہ کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) پولیس نے حیدرآباد سے سنپت نہرا نامی کرائے کے قاتل کو گرفتار کرلیا، جس نے سلمان خان کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ سنپت نہرا کا راجستھان کے بشنوئی قبیلے کے بااثر اور جرائم پیشہ شخص لارینس بشنوئی کے گینگ سے تعلق ہے۔
پولیس کے مطابق ممکنہ طور پر سنپت نہرا اداکار کو لارینس بشنوئی کے کہنے پر قتل کرنا چاہتے تھے، کیوں کہ لارینس سلمان خان کو جنوری میں قتل کرنے کی دھمکی دے چکا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ حیدرآباد سے گرفتار کیے گیے سنپت نہرا نے انکشاف کیا کہ انہوں نے 2 ماہ تک سلمان خان کے گھر کی ریکی کرنے سمیت ان کے آنے جانے اور گھر کی سیکیورٹی سے متعلق بھی معلومات حاصل کرلی تھی۔
مزید پڑھیں: نایاب ہرن کا شکار: سلمان خان کو 5 سال قید کی سزا
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ اس نے سلمان خان کو عین اس وقت قتل کرنے کی منصوبہ بندی بھی بنا لی تھی جب وہ نایاب کالے ہرن کے شکار کیس میں رواں برس اپریل میں 2 دن جیل میں گزارنے کے بعد گھر واپس آئے تھے۔