’جراسک ورلڈ‘ کے بے قابو ڈائنا سورز کی دنیا بھر میں تباہی
معروف ڈائناسور فرنچائزسائنس فکشن فلم ’جراسک ورلڈ‘ کی پانچویں فلم ’جراسک ورلڈ: فالن کنگ ڈم‘ کو دنیا کے 30 مختلف ممالک میں ریلیز کردیا گیا۔
جراسک ورلڈ: فالن کنگ ڈم کو ابتدائی طور پر7 جون کو صرف 7 جب کہ 8 جون کو مزید 23 مختلف ممالک میں ریلیز کیا گیا۔
فلم نے ابتدائی 2 دن میں دنیا کے 30 ممالک سے مجموعی طور پر 3 کروڑ 93 لاکھ امریکی ڈالر (پاکستانی 4 ارب روپے سے زائد) کی کمائی کرلی۔
دیو قامت تباہی پھیلاتے ڈائنا سور کی داستان پر مبنی اس فلم کو تاحال شمالی امریکا میں ریلیز نہیں کیا گیا، جہاں فلم کی کمائی کے ممکنہ ریکارڈ بننے کی چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں۔
ورائٹی کے مطابق ’جراسک ورلڈ: فالن کنگ ڈم‘ نے روس، ہانگ کانگ، جنوبی کوریا، بھارت، برطانیہ اور تائیوان کی باکس آفسز سے ابتدائی 2 دن میں 3 کروڑ 93 لاکھ امریکی ڈالر بٹورے۔
یہ بھی پڑھیں: جراسک ورلڈ:’فالن کنگڈم‘ کے بے قابو ڈائنا سور
’جراسک ورلڈ: فالن کنگ ڈم‘ کو شمالی امریکا میں رواں ماہ 22 جون جب کہ چین میں اسے 15 جون کو ریلیز کیا جائے گا۔پاکستان میں بھی اس فلم کو آئندہ ہفتے پیش کیا جائے گا۔