ہاروی وائنسٹن سیکس اسکینڈل پر ہارر فلم بنانے کا اعلان
ہولی وڈ کی ہارر اور تھرلر فلموں کے معروف ڈائریکٹر برین ڈی پالما نے ہاروی وائنسٹن کی جانب سے خواتین و اداکاراؤں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ان کا ریپ کرنے کے معاملے پر فلم بنانے کا اعلان کردیا۔
خیال رہے کہ 66 سالہ ہولی وڈ پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن پر گزشتہ ماہ 31 مئی کو نیو یارک کی گرینڈ جیوری نے جنسی جرائم اور ریپ کے تحت فرد جرم عائد کی تھی۔
ان پر 100 سے زائد خواتین و اداکاراؤں نے جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ’ریپ‘ کے الزامات عائد کر رکھے ہیں۔
ہاروی وائنسٹن کے خلاف گزشتہ برس اکتوبر سے لندن کی میٹرو پولیٹن پولیس اور لاس اینجلس پولیس الگ الگ تحقیقات کر رہی تھی۔
ہاروی وائنسٹن پر انجلینا جولی، ایشلے جڈ، سلمیٰ ہائیک اور کیٹ بلینشٹ سمیت اعلیٰ پائے کی ہولی وڈ اداکاراؤں نے جنسی طور پر ہراساں اور ریپ کے الزامات عائد کیے ہیں۔
ان پر سب سے پہلے اکتوبر 2017 میں الزامات سامنے آئے تھے۔
ہاروی وائنسٹن نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے اور تمام خواتین کے درمیان رضامندی سے جنسی تعلقات قائم ہوئے، تاہم 31 مئی کو نیو یارک کی گرینڈ جیوری نے ان پر فرد جرم عائد کردی۔
یہ بھی پڑھیں: ہاروی وائنسٹن پر جنسی جرائم اور ’ریپ‘ کے تحت فرد جرم عائد
ہاروی وائنسٹن سیکس اسکینڈل پر برطانوی نشریاتی ادارہ ’بی بی سی‘ بھی دستاویزی فلم بنانے کا اعلان کر چکا ہے۔
اب ہولی وڈ کے معروف ڈائریکٹر 77 سالہ برین ڈی پالما نے بھی اس بدنام زمانہ اسکینڈل پر ہارر فلم بنانے کا اعلان کردیا۔