پہلی بار سعودی شہزادی ’ووگ‘ کے سرورق پر
سعودی شہزادی کو سرخ رنگ کی مرسڈیز کی فرنٹ سیٹ پر سفید عبائے میں دکھایا گیا ہے۔
گزشتہ 2 سال سے تیزی سے تبدیل ہوتے اسلامی ملک سعودی عرب میں پہلی بار ایک شہزادی معروف فیشن میگزین ’ووگ‘ کے عربی شمارے کی سرورق کی زینت بنی ہیں۔
سابق بادشاہ عبداللہ کی بیٹی اور 3 بچوں کی والدہ حیفا بنت عبداللہ السعود کی تصویر کو ’ووگ‘ عربی کے شمارے کی زینت ایک ایسے وقت میں بنایا گیا ہے، جب کہ رواں ماہ سعودی عرب میں خواتین پہلی بار ڈرائیونگ کرتی دکھائی دیں گی۔
فیشن میگزین کے سرورق پر شائع کی گئی سعودی شہزادی کی تصویر کی خاص بات یہ ہے کہ انہیں 1980 کی دہائی کی مرسڈیز 450 ایس ایل کی فرنٹ سیٹ پر بیٹھے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سعودی شہزادی کو لیدر کے دستانے پہنے ہوئے ہیں اور وہ سفید رنگ کے عبائے میں جاذب نظر دکھائی دے رہی ہیں۔