دسترخوان

پیٹ کا درد بڑھانے والی غذائیں

کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس حالت میں کچھ غذائیں یا مشروبات بھی حالت خراب کرنے کا باعث بنتی ہیں؟

پیٹ میں درد عام طور پر آہستہ آہستہ بڑھتا ہے یا ایسا لگتا ہے کہ جیسے ایک ننھی گیند جسم کے اندر ٹکرا رہی ہے۔

احساس جو بھی ہو، تکلیف بہت زیادہ ہوتی ہے اور ہر ایک کی خواہش ہوتی ہے کہ اس درد سے فوری نجات مل جائے۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس حالت میں کچھ غذائیں یا مشروبات بھی حالت خراب کرنے کا باعث بنتی ہیں؟

اور کھانا پینا چھوڑنا تو ممکن نہیں تو بہتر یہ ہے کہ جان لیں کونسی غذائیں ایسی حالت میں کھانے سے گریز کرنا چاہئے۔

مزید پڑھیں : معدے میں تیزابیت کا علاج آپ کے کچن میں

دودھ سے بنی مصنوعات

گائے کے دودھ اور اس سے بنی مصنوعات میں پائے جانے والی شکر کی ایک قسم لیکٹوز کو ہضم کرنا مشکل ہوسکتا ہے، دنیا بھر میں کروڑوں افراد ایسے ہیں جن کو لیکٹوز کو ہضم کرنے میں مشکل کا سامنا ہوتا ہے۔ اگر یہ جز مناسب طریقے سے ہضم نہ ہو تو پیٹ میں گیس اور اس کے پھولنے کا باعث بن سکتا ہے، تو اگر پیٹ میں درد یا نظام ہاضمہ کے مسائل کا سامنا ہو تو دودھ سے بنی مصنوعات سے گریز کرنا چاہئے۔

ترش یا تیزابی چیزوں سے دوری

اگر معدہ کمزور ہو تو تیزابی اثر رکھنے والی غذائیں جیسے مالٹے کا رس، انناس یا ٹماٹر وغیرہ سے حالت زیادہ خراب ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ہاضمے کی گڑبڑ سے بچاؤ کے گھریلو ٹوٹکے

کیفین

اگر آپ چائے یا کافی کے بغیر صبح کے آغاز کا تصور نہیں کرسکتے تو جان لیں کہ یہ عادت پیٹ کی خرابی میں نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان گرم مشروبات کے نتیجے میں معدے میں تیزابیت یا سینے میں جلن کا امکان بڑھتا ہے۔ اگر یہ نقصان آپ کو خطرناک نہیں لگتا تو یہ بھی جان لیں کہ اس سے معدے کی حرکت بڑھتی ہے جس سے ہیضہ کا خطرہ پیدا ہوتا ہے۔

چکنائی بھی نقصان دہ

اس وقت جب لوگ خود کو صحت مند تصور کررہے ہوں، تو بھی ماہرین طب کا کہنا ہے کہ تلی ہوئی غذائیں انسانی صحت کے لیے فائدہ مند نہیں، مگر آج کل لوگ فرنچ فرائیز کھانا پسند کرتے ہیں، تاہم اگر پیٹ میں درد یا کسی اور مسئلے کا سامنا ہو تو ایسی تلی ہوئی غذاﺅں سے دوری اختیار کرنا ہی بہتر ہے کیونکہ انہیں ہضم کرنا مشکل ہوتا ہے۔

فائبر والی غذائیں

ویسے تو فائبر یا ریشے دار غذائیں صحت کے لیے بہت فائدہ مند ہے، تاہم جب پیٹ میں کسی بھی وجہ سے درد ہو تو پھلوں اور سبزیوں میں پائے جانے والا یہ جز نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ عام طور پر فائبر جلد جسم کا حصہ نہیں بنتی، جس کی وجہ سے نظام ہاضمہ کو زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے اور جو وہ ہضم نہیں کرپاتا اسے آگے بڑھا دیتا ہے۔ تو جب حالت خراب ہو تو اپنے نظام ہاضمہ کو زیادہ مشقت میں مت ڈالیں۔

میٹھی اشیا

یقیناً میٹھا دیکھ کر ہاتھ روکنا مشکل ہوجاتا ہے، مگر اس سے خراب پیٹ کو کچھ اچھا محسوس نہیں ہوتا بلکہ حالت زیادہ بدتر ہوسکتی ہے۔ چینی کے استعمال کے اپنے مسائل ہیں، ماہرین طب کے مطابق اگر پیٹ خراب ہو تو میٹھا کھانے سے دل متلانے یا قے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

مصالحے غذاﺅں سے گریز

ماہرین طب کے مطابق مصالحے دار غذائیں نظام ہاضمہ کو متحرک کرتی ہیں، جس سے پیٹ کی خرابی کی صورت میں بچنا چاہئے۔