نوازالدین صدیقی پر’منٹو‘ کے باغیانہ انداز کا اثر
بولی وڈ کی آنے والی بائیوگرافی فلم ’منٹو‘ کا پہلا ٹیزر ٹریلر جاری کردیا گیا، جس میں منفرد اداکاری سے مداحوں کو سحر میں جکڑنے والے نوازالدین صدیقی کو ’منٹو‘ کے باغیانہ انداز کے اثر میں دیکھا جاسکتا ہے۔
ایک منٹ 30 سیکنڈ سے بھی کم دورانیہ کا ٹیزر ٹریلر ایک ایسے موقع پر جاری کیا گیا، جب کہ اس فلم کو ’کانز‘ فلمی میلے میں خصوصی طور پر دکھایا جائے گا۔
فلم کی ٹیم 12 مئی کو ہی فرانس کے شہر کانز پہنچ چکی تھی، جہاں فلم کی خصوصی اسکریننگ کی جائے گی۔
’منٹو‘ کا پہلا ٹیزر ٹریلر ’کانز‘ میں اس کی خصوصی اسکریننگ سے قبل جاری کیا گیا، جس کی ویڈیو نوازالدین نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی۔
نوازالدین صدیقی کی جانب سے شیئر کی گئی ’منٹو‘ ٹیزر کی ویڈیو تکنیکی وجوہات کی بناء پر ڈیلیٹ ہوگئی، تاہم ٹیزر کی ویڈیو کو دیگر افراد نے بھی اپنے یوٹیوب اکاؤنٹ پر ڈاؤن لوڈ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ریلیز سے قبل نوازالدین کی ’منٹو‘ کانز روانہ
پہلے ٹیزر ٹریلر میں ’منٹو‘ کی زندگی کا تقسیم برصغیر سے قبل کا حصہ دکھایا گیا ہے، جس میں متحدہ ہندوستان کے شہر ممبئی میں رہائش پذیر تھے۔
ٹیزر ٹریلر میں نوازالدین صدیقی کو سعادت حسن منٹو کے باغیانہ انداز کے اثر میں دیکھا جاسکتا ہے، وہ غصے اور منفرد انداز سے اپنے دوستوں اور اہل خانہ سے بات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔