لائف اسٹائل

ثانیہ اور شعیب نے بچے کا نام طے کرلیا

پاکستانی کرکٹر کی بھارتی اہلیہ نے بتادیا کہ ان کے شوہر کیا چاہتے ہیں اور انہوں نے کیا فیصلہ کیا ہے؟

پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور ان کی بھارتی اہلیہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنے مستقبل کے راز کو فاش کرتے ہوئے دنیا کو بتادیا کہ مستقبل میں ان کے ہاں ہونے والے بچے کا نام کیا ہوگا۔

خیال رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 8 سال قبل اپریل 2010 میں شادی کی تھی۔

شادی کے بعد دونوں نے مشترکہ طور پر دبئی میں رہنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم دونوں نے کئی دن بھارت اور پاکستان میں بھی ایک ساتھ گزارے۔

دونوں کی بطور جوڑا مستقل رہائش گاہ اگرچہ دبئی میں ہی ہے، تاہم اپنے اپنے پروفیشن کی مصروفیات کے باعث شعیب اور ثانیہ زیادہ تر اپنے اپنے ممالک میں رہتے ہیں۔

ثانیہ مرزا سیشن سے خطاب کرتے ہوئے—فوٹو: کمپین انڈیا

یہ بھی پڑھیں: شعیب ملک کا حوصلہ بڑھانے کیلئے ثانیہ مرزا کارڈف میں

اگرچہ وقتا بوقتا ثانیہ مرزا کے امید سے ہونے کی خبریں سامنے آتی رہیں، تاہم یہ سب افواہیں ہی ثابت ہوئی، ان کے ہاں تاحال کوئی اولاد نہیں ہوئی۔

شادی کے بعد بھی دونوں میاں بیوی اپنے اپنے ملک کے لیے کھیل کھیلتے ہیں اور دونوں نے اپنی اپنی شہریت بھی برقرار رکھی ہوئی ہے۔

ان کے بچوں کی شہریت اور نام کے حوالے سے ہمیشہ قیاس آرائیاں کی جاتی ہیں، لیکن اب ثانیہ مرزا نے اس حوالے سے وضاحت کردی۔

بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستانی بہو کا بھارتی ریاست گووا میں ہونے والے سالانہ ’گو فیسٹ 2018‘ کے ایک سیشن میں کہنا تھا کہ انہوں نے اور ان کے میاں نے بچوں کے نام کے حوالے سے منصوبہ بندی مکمل کرلی۔

—فوٹو: شعیب ملک انسٹاگرام

ثانیہ مرزا نے فیسٹیول میں ’صنفی تعصب‘ کے حوالے سے خصوصی سیشن میں خطاب کے دوران کہا کہ ان کے پاکستانی شوہر اور انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کے نام کے پیچھے ’مرزا ملک‘ لگائیں گے۔

ثانیہ مرزا نے کہا کہ وہ اس سیشن میں انتہائی رازداری کی بات بتانے جا رہی ہیں کہ ان کے شوہر پہلے بیٹی کی خواہش رکھتے ہیں۔

ٹینس اسٹار نے یہ نہیں بتایا کہ وہ امید سے ہیں یا نہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ان اور ان کے شوہر کے درمیان اس بات پر اتفاق پایا جاتا ہے کہ وہ اپنے بچوں کے نام کے آخر میں ’مرزا ملک‘ لگائیں گے۔

مزید پڑھیں: ثانیہ مرزا کی شاہ رخ اور سشانت سنگھ کے ساتھ پرفارمنس
—فوٹو: ثانیہ مرزا انسٹاگرام

بھارتی ٹینس اسٹار نے یہ بھی نہیں بتایا کہ ان کے ہونے والے بچوں کی شہریت کیا ہوگی اور اس حوالے سے دونوں میاں بیوی نے کیا فیصلہ کیا ہے؟

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے دونوں خاندانوں کے نام کو آگے بڑھانے کے لیے ہی یہ فیصلہ کیا ہے کہ بچوں کے نام کے آخر میں ’مرزا ملک‘ لگایا جائے۔

ثانیہ مرزا نے صنفی تعصب کو فرسودہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے والدین کی 2 ہی بہنیں ہیں اور انہوں نے یہ کبھی بھی اس خواہش کا اظہار نہیں کیا کہ ان کا بھی کوئی بھائی ہو۔

واضح رہے کہ ’گو فیسٹ 2018‘ تین دن تک جا ری رہا، 5 سے 7 اپریل تک جاری رہنے والے اس فیسٹیول میں ثانیہ مرزا نے آخری دن خطاب کیا۔

اس فیسٹیول میں ثانیہ مرزا کے علاوہ بولی وڈ اداکار نوازالدین صدیقی، سدھارتھ ملہوترا، افریقی کرکٹر جونٹی روڈس اور یوگی رشی بابا رام دیو جی سمیت دنیا کی مختلف اعلیٰ شخصیات نے بھی خطاب کیا۔

—فوٹو: ثانیہ مرزا انسٹاگرام