’کیک‘ جو بہت میٹھا نہیں، مگر پھیکا بھی نہیں
یہ ایک مکمل پاکستانی ثقافت اور انداز میں رنگی ہوئی فلم ہے، جس میں غیر ضروری طور پر گلیمر ڈالنے کی کوشش نہیں کی گئی۔
رواں برس، پہلی سہ ماہی میں نمائش کے لیے پیش کی جانے والی سب فلموں میں زیرِ نظر فلم ’کیک‘ اوسط سے ذرا بلند درجے کی فلم ثابت ہوئی ہے۔
فلم کی سب سے بڑی خوبی، اس کی کہانی کا رواں اور آسان ہونا ہے، اس کو مقبولیت دینے کے لیے کوئی اسکینڈل نہیں گھڑا گیا، کوئی آئٹم سونگ نہیں شامل کیا گیا، نہ ہی کوئی اور طرح کا حربہ آزمایا گیا، سیدھی سیدھی فلم نمائش کے لیے پیش کردی گئی اور حیرت انگیز طور پر نتیجہ مثبت ہے، فلم کو پاکستانی اور عالمی میڈیا میں متناسب توجہ اور پسندیدگی حاصل ہو رہی ہے۔