نقطہ نظر

لوگوں سے خطاب کے خوف پر قابو پانے کی آسان ٹپس

درحقیقت اجتماعات سے خطاب ہو، میزبانی یا دیگر، ہر ایک میں کامیابی کی کنجی اعتماد ہوتی ہے۔

بیشتر افراد کے لیے کسی عوامی اجتماع سے خطاب کرنے کا خیال دہشت زدہ کردینے والا ہوتا ہے، ایک لمحے کے لیے خود تصور کریں کہ آپ اسٹیج پر قدم رکھ رہے ہیں اور اچانک آپ کے سامنے چہروں کا سمندر آجائے جو آپ کے خطاب کے منتظر ہوں، تو ایسا تصور کرنے سے آپ کیا محسوس کرتے ہیں؟

زیادہ امکانات تو اس بات کے ہیں کہ ہتھیلیوں سے پسینہ بہنا شروع ہوجائے گا اور دھڑکنیں تیز ہوجائیں گی، یہ تو صرف خیال کا نتیجہ ہے مگر جب ایسا حقیقت میں ہو تو پھر آپ کیا کریں گے؟

درحقیقت اجتماعات سے خطاب ہو یا کسی پروگرام کی میزبانی، کامیابی کی کنجی اعتماد ہوتی ہے اوراس کے ساتھ ساتھ کچھ ٹپس جن پر عملدرآمد کر کے بہت جلد اعتماد کے ساتھ اسٹیج پر ہزاروں یا لاکھوں کے مجمع کو بھی متاثر اور مسحور کیا جاسکتا ہے۔

تاہم یہ ٹپس جاننے سے پہلے یہ بھی جان لیں کہ پبلک اینکرنگ، اناﺅنسر یا اسپیکنگ وغیرہ کے کون کون سے خوف لوگوں کی کامیابی کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں۔

1۔ ذہن سپاٹ نہ ہوجائے۔

2۔ لوگ سوچیں گے کہ میں احمق ہوں۔

3۔ میں نروس نہ ہوجاﺅں، کانپنے نہ لگوں یا کچھ غلط نہ کردوں۔

4۔ مجھ سے کچھ ایسا نہ ہوجائے جو لوگوں کو مشتعل کر دے۔

5۔ سراہنے کے بجائے اجتماع مذاق اڑانے لگے یا غصہ نہ کرے وغیرہ وغیرہ۔

بنیادی طور پر اس طرح کے خوف کو دو زمروں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے، ایک پیشکش میں ناکامی اور دوسرا عوامی ردعمل کا خوف۔

پبلک اسپیکنگ

اب اگر آپ کسی اجتماع سے خطاب کرنے والے ہیں تو چند چیزوں کی مشق آپ کے لیے مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔

1۔ خطاب کے مقصد کے بارے میں سوچنا

2۔ عوام کا تجزیہ کرنا

3۔ مناسب حد تک بولنے کے لیے مواد اکھٹا کرنا

4۔ ایک ایسا اچھا جملہ بنانا جو آپ کے مقصد کو واضح طور پر بیان کرے

5۔ اچھا آغاز آپ چاہے مزاح سے کریں، معلوماتی، چیلنجنگ یا کچھ بھی، مگر آغاز ایسا ہو کہ لوگوں پر اچھا تاثرقائم ہو

6۔ اختتام جامع نکات کے ساتھ کریں

7۔ اپنی تقریر لکھیں، اسے بار بار پڑھ کر بہتر کریں اور آخر وقت تک ایڈٹ کرتے رہیں

پبلک اینکرنگ

پبلک اینکرنگ اور اسپیکنگ میں دو الگ الگ شعبے ہیں، یعنی ایک میں آپ کو پورا پروگرام لے کر چلنا ہوتا ہے جبکہ دوسرے میں بس خطاب کیا اور آپ کی ذمہ داری مکمل ہوگئی۔

یعنی کسی اجتماع کی میزبانی اس سے خطاب کے مقابلے میں زیادہ مشکل ہوتی ہے کیونکہ میزبان کو اجتماع کے مزاج کو مدنظر رکھنے کے ساتھ ساتھ پروگرام کی پیشکش، مرکزی خیال، مہمانوں کو بلانے اوردیگر ہر چیز کا خیال رکھنا ہوتا ہے۔

تو پبلک اینکرنگ کے لیے چند چیزوں کومدنظر رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے جو آپ کو اس شعبے میں کامیابی دلانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔

ہمیشہ مسکراہٹ سے آغاز کریں

یہ انسانی فطرت ہے کہ وہ اس طرح کے اجتماعات میں میزبان یا اسٹیج پر کھڑے فرد کی شخصیت کے بارے میں فیصلہ کرتی ہے، مگر فکرمندی کی بات نہیں کیونکہ ان کے دل جیتنے اور ان کے غیردوستانہ رویے کو بدلنے کا راز آپ کی مسکراہٹ میں چھپا ہے۔

اپنے پروگرام کو ہمیشہ مثبت ذہن سے شروع کریں اور ہجوم کی جانب مسکراہٹ پاس کریں یا ان کے لیے کوئی تعریفی جملہ کہیں جو جادوئی اثر کرے گا، جیسے 'واہ کیا توانائی سے بھرپور ہجوم ہے، مجھے یقین ہے کہ آج کا ایونٹ بہت زبردست ثابت ہونے والا ہے۔'

اپنے خیالات کو منتشر نہ ہونے دیں

اپنی پرفارمنس کو بہتر بنانے کے لیے سب سے ضروری امر یہ ہے کہ ان خیالات کو اپنے اوپر گرفت نہ کرنے دیں کہ آپ یہ کام کیسے کریں گے، اگر بہت زیادہ خیالات ذہن میں ابھر رہے ہوں تو موجودہ لمحے میں واپس آنے کے لیے لمس کا تجربہ کریں، مثال کے طور پر توجہ دیں کہ آپ کے پیر فرش کو چھو رہے ہیں وغیرہ وغیرہ۔

ہجوم سے جڑ جائیں

یہ اینکرنگ کی چند اہم ترین ٹپس میں سے ایک ہے، چاہے وہ کسی کالج، یونیورسٹی کا ایونٹ ہو یا ثقافتی تقریب، ان میں ہجوم سے جڑنا ہوسکتا ہے اتنا مشکل نہ ہو، تاہم یہ کسی اور موضوع کااجتماع ہو تو کچھ مشکل پیش آسکتی ہے، تو اس کے لیے آپ کو ان چیزوں پرعمل کرنا ہوتا ہے۔

1۔ لوگوں کو سراہنا

اس کی مثال اوپر بھی دی جاچکی ہے۔

2۔ اس جگہ یا شہر کو سراہنا جہاں ایونٹ ہورہا ہو

ہمیشہ ایک یا دو جملے ایونٹ کے مقام یا شہر کے لیے ضرور تیار کریں جہاں وہ منعقد ہو رہا ہے، جیسے آج ہم سب اس خوبصورت شہر میں اکھٹے ہوئے ہیں جو جدت اورروایات کا بہترین امتزاج ہے، اس مناسب مقام کوئی اور ہو ہی نہیں سکتا تھا۔

3۔ ایونٹ کو سراہیں

جیسے 'یہ میرے لیے اعزاز ہے کہ میں اس ایونٹ کا حصہ بنا، یہ پہلی دفعہ ہے کہ مجھے اس کی میزبانی کا اعزاز ملا، یا یہ میرے لیے اعزاز ہے کہ کئی برسوں سے مجھے اس کی میزبانی دی جارہی ہے۔'

4۔ لوگوں کا احترام

اجتماع میں موجود افراد کا ہمیشہ احترام کریں اور کبھی بھی ان کے بارے میں یہ تصور نہ کریں چونکہ وہ کراچی، لاہور یا کسی اور شہر سے تعلق رکھتے ہیں تو وہ ایسے ویسے ہوسکتے ہیں۔

5۔ لوگوں کے مزاج کے مطابق تیاری کریں

آپ چاہے جتنے بھی اچھے اینکر ہوں یا تصور کرتے ہوں مگر جہاں بھی تقریب ہو وہاں کے لوگوں کے مزاج کو مدنظر رکھیں اوراس حوالے سے اپنا اسکرپٹ تیار کریں یا تیاری کریں۔

6۔ تالیاں بجانے پر مجبور کریں

ان سے تالیاں بجانے کا کہیں جیسے اپنے لیے تالیاں بجائیں یا ایسے ہی کسی جملے سے انہیں اس بات پر مجبور کردیں، جس سے نہ صرف اعتماد بڑھے گا بلکہ وہاں موجود افراد سے جڑنے میں بھی مدد ملے گی۔

واضح اور مناسب ٹون کے ساتھ بات کریں

آپ چاہے جتنے بھی اچھے اینکر ہوں، اگر لوگوں کو آپ کے الفاظ سمجھ نہیں آئیں گے تو ان کا ردعمل بھی کچھ زیادہ اچھا نہیں ہوگا۔ ہمیشہ دوستانہ مگر ایسی تحکمانہ ٹون اختیار کریں اور اتنی بلند آواز میں بات کریں جو ہر ایک سن سکے اور الفاظ سمجھ سکے۔

لوگوں کو انگیج کریں

ایک اچھا اینکر وہی ہوسکتا ہے جو اجتماع کو اپنے ساتھ انگیج کرلے، اس کے لیے سوالات کریں، انہیں نکتہ نظر بیان کرنے کی دعوت دیں یا ان سے مدد لیں۔ لوگوں کے اندر کسی چیز پر توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت اکثر کچھ زیادہ بہترنہیں ہوتی، تو ہرسات سے دس منٹ بعد کچھ نہ کچھ ایسا کریں جو ان کی توجہ پروگرام پر برقرار رہے۔

لباس کا خیال

اسٹیج پر ہو تو آپ کا لباس بھی اچھا ہونا چاہئے کیونکہ ایک معمولی سی غلطی لوگوں کی نظر میں آپ کی ساکھ ختم کردے گی جس کی بحالی آسان نہیں ہوگی۔

مزاح

مانیں یا نہ مانیں مگر اچھا مزاح بھی لوگوں کے دل جیتنے میں آپ کی مدد کرتا ہے اور اس کے لیے پہلے سے چند اچھے لطائف یاد کرکے مناسب موقع پر انہیں پیش کرنا مدد دیتا ہے۔

فیصل ظفر

فیصل ظفر ڈان ڈاٹ کام کے سابق اسٹاف ممبر ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔