پریانکا اور سلمان خان 10 سال بعد رومانس کرتے نظر آئیں گے
بولی وڈ سلطان سلمان خان ویسے تو ان دنوں اپنی آنے والی ایکشن تھرلر فلم ’ریس تھری‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
تاہم ان کے حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ وہ بولی وڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا کے ساتھ 10 سال کے وقفے کے بعد اسکرین پر رومانس کرتے نظر آئیں گے۔
خیال رہے کہ پریانکا چوپڑا اور سلمان خان آخری بار 2008 میں ’گاڈ تسی گریٹ ہو‘ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔
اس سے قبل دونوں 2007 میں ’سلام عشق‘ اور 2004 میں ’مجھ سے شادی کرو گی‘ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔
اب دونوں قریبا ایک دہائی بعد آنے والی فلم ’بھارت‘ میں رومانس کرتے نظر آئیں گے۔
خیال رہے کہ جہاں پریانکا چوپڑا اور سلمان خان 10 سال بعد ایک بار پھر ایکشن میں نظر آئیں گے، وہیں یہ فلم سلمان خان کے کیریئر کی بھی مہنگی ترین فلم بننے جا رہی ہے۔
ڈی این اے انڈیا کے مطابق ’بھارت‘ کے ڈائریکٹر علی عباس ظفر نے نیویارک میں پریانکا چوپڑا سے ملاقات کی اور اسے فلم میں کام کرنے کے لیے راضی کیا۔