شہرِ اسٹاک ہوم کی ادائیں بھا گئیں
شہرِ اسٹاک ہوم کی ادائیں بھا گئیں
اسٹاک ہوم کی طرف روانہ ہوا تو ایسا نہیں لگا کہ کسی اور ملک گیا ہوں کیوں کہ اسکینڈے نیویا کا عمومی مزاج ایک جیسا ہے۔ صاف ستھرا ماحول، اپنے کام سے کام رکھنے والے لوگ، عوامی ٹرانسپورٹ کا بہترین نظام، ایک ہی طرز کے ٹرانسپورٹ کارڈ، جیب پھاڑ قسم کی مہنگائی، امن و شانتی ایسی کہ لوگوں کے چہروں سے چھلکتے ہوئے محسوس ہو، دکھاوے سے ذرا دور سادہ دکھائی دینے والی اکثریت، گاڑیوں کے ساتھ ساتھ دوڑتی بھاگتی سائیکلیں اور ایک عجب سی خماری جو آسودگی کے بعد خود بخود چہرے کا حصہ بن جاتی ہے، جو باہر سے آنے والوں کو شاید بے نیازی لگتی ہے، بس یوں سمجھ لیجیے کہ یہاں بھی ایسا بہت کچھ ہے جو ناروے، ڈنمارک اور سوئیڈن میں مشترک ہے۔
یہاں ایک خوبی یہ بھی دیکھنے کو ملی کہ اجنبی لوگوں سے کافی دوستانہ رویہ روا رکھا جاتا ہے۔ اس رویے میں ایک خاص بات یہ ہے کہ امریکی رویے کی طرح یہ چھلکتا نہیں، لوگ شاید کسی اجنبی کو مسکراہٹ نہ دیں لیکن جوں ہی آپ کسی کو مدد کے لیے پکاریں تو وہ فوری طور پر یکسوئی سے آپ کی بات سننے اور حتی المقدور اس کو حل کرنے کی بھی کوشش کرتے ہیں۔ بڑے شہروں کی مصروف زندگی میں ہوسکتا ہے کہ آپ کو کچھ اور طرز کے لوگ بھی ملیں لیکن بالعموم اسکینڈے نیویا کے لوگ مددگار قسم کی فطرت رکھتے ہیں۔