لائف اسٹائل

نریندر مودی سے ’پدماوت‘ پر پابندی عائد کرنے کی اپیل

فلم کو ریلیز کیا گیا تو راجپوت کرنی سینا کی 2 ہزار کے قریب خواتین اجتماعی خودسوزی کریں گی، سربراہ تنظیم

بولی وڈ فلم ’پدماوت‘ کو اگرچہ بھارت کی سپریم کورٹ اور فلم سینسر بورڈ نمائش کی اجازت دے چکا ہے، تاہم پھر بھی فلم کی مشکلات کم نہ ہوئیں۔

فلم کی ٹیم نے راجپوت کرنی سینا نامی ہندو انتہاپسند تنظیم کے خدشات کو دور کرنے کے لیے اگرچہ فلم کے مناظر میں تبدیلیاں بھی کی ہیں، تاہم پھر بھی کرنی سینا کے کارکنان احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔

راجپوت کرنی سینا کے احتجاج کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر سنجے لیلیٰ بھنسالی نے گزشتہ روز پارٹی کے سربراہ کو خط لکھ کر انہیں فلم دیکھنے کی دعوت بھی دی۔

لوکندرہ سنگھ کلوی نے نریندر مودی سے فلم پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا—فوٹو: دی پنک سٹی پوسٹ

نیوز 18 کے مطابق سنجے لیلیٰ بھنسالی نے راجپورت کرنی سینا کمیونٹی کے سربراہ لوکندرہ سنگھ کلوی کو خط لکھ کر دعوت دی کہ وہ ان کے لیے ’پدماوت‘ کی خصوصی اسکریننگ کا اہتمام کریں گے، وہ فلم کی نمائش سے قبل فلم دیکھ لیں۔

تاہم انہوں نے ڈائریکٹر کی اس پیش کش کو مسترد کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’پدماوت‘ میں گرافکس کا استعمال، دپیکا کی کمر چھپا دی گئی

لوکندرہ سنگھ کلوی نے پریس کانفرنس کے دوران سنجے لیلیٰ بھنسالی کی دعوت کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا انہیں یہ دعوت اس وقت دی گئی، جب فلم کی نمائش کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس دعوت کا مقصد ہدایت کار کی جانب سے یہ دکھانا ہے کہ انہوں نے کرنی سینا کو فلم دکھانے کی پیش کش بھی کی، تاہم وہ اس دعوت کو مسترد کرتے ہیں۔

ساتھ ہی لوکندرہ سنگھ کلوی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے درخواست کی کہ وہ ’پدماوت‘ کی نمائش پر پابندی عائد کردیں۔

انہوں نے نریندر مودی سے اپیل کی کہ وہ سائنماٹوگرافی ایکٹ کے سیکشن 6 کے تحت فلم کی نمائش پر پابندی عائد کریں۔

راجپوت کرنی سینا کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’پدماوت‘ کی نمائش نہ روکے جانے پر ان کی تنظیم کی خواتین اجتماعی خودسوزی بھی کریں گی۔

مزید پڑھیں: پدماوت کو بیک وقت بھارت بھر میں ریلیز کیا جائے، سپریم کورٹ

انہوں نے بتایا کہ ان کی جماعت کی 1908 رکن خواتین نے خود کو اجتماعی خودسوزی کے لیے رجسٹرڈ کروایا ہے، جو 24 جنوری کو اس صورت میں اجتماعی خودکشی کریں گی، جب فلم پر پابندی عائد نہیں کی گئی۔

دوسری جانب فلم کی ٹیم نے ’پدماوت‘ کے تبدیل شدہ ڈائلاگ پرومو اور ’گھومر‘ گانے کی ویڈیوز بھی جاری کردی ہیں، جنہیں اب تک کروڑوں افراد دیکھ چکے ہیں۔

فلم کی ٹیم نے پدماوت کے تین ڈائلاگ پرومو 19 جنوری جب کہ ’گھومر‘ گانے کی ویڈیو اس سے قبل جاری کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پدماوت کی نمائش پر بھارتی ریاستوں میں اختلاف

خیال رہے کہ فلم کی ٹیم نے پدماوت کو 25 جنوری کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے، اس فلم کے حق میں اکشے کمار نے اپنی فلم ’پیڈ مین‘ کی ریلیز کی تاریخ بھی تبدیل کردی۔

سونم کپور، رادھیکا آپٹے اور اکشے کمار کی فلم ’پیڈ مین‘ کو بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر 25 جنوری کو ریلیز کیا جانا تھا، تاہم اب اسے بعد میں ریلیز کیا جائے گا۔