نوازالدین صدیقی پر خاتون کو ذہنی طور پر پریشان کرنے کا الزام
بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار نوازالدین صدیقی کی سوانح حیات یوں تو رواں برس اکتوبر میں ہی شائع کردی گئی تھی، جس نے اشاعت سے قبل ہی کئی تنازعات کا سامنا کیا۔
تاہم کتاب سامنے آنے کے بعد نوازالدین صدیقی کی پریشانی مزید بڑھ گئی، کیوں کہ انہوں نے اپنی سوانح حیات ’’ایک عام زندگی: ایک یادداشت‘(An Ordinary Life: A Memoir) میں ایک نہیں بلکہ 2 ایسی خواتین کا کھل کر ذکر کیا، جن سے ماضی میں مبینہ طور پران کے ساتھ تعلقات رہے تھے۔
اگرچہ کتاب کو مارکیٹ میں پیش کیے جانے سے قبل ہی ان پر ساتھی اداکارہ نیہاریکا سنگھ نے بھی یہ الزام عائد کیا تھا کہ نوازالدین صدیقی نے کتاب کو فروخت کرنے کے لیے ایک عورت کو بدنام کرنے کا سہارا لیا۔
تاہم اب ٹی وی اور اسٹیج کی اداکارہ سنیتا راجور نے ان پر مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں 2 کروڑ بھارتی روپے کا ہرجانہ ادا کرنے کا قانونی نوٹس بھی بھیج دیا۔