’سلمیٰ پر نامناسب سین شوٹ کرانے کا دباؤ نہیں ڈالا‘
52 سالہ اداکارہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات میں صداقت نہیں، سین فلم کا حصہ تھے، پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن کا بیان
ہولی وڈ پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن نے خود پر لگے جنسی ہراساں کیے جانے کے دیگر الزامات کی طرح آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ سلمیٰ ہائیک کے الزامات کو بھی مسترد کردیا۔
65 سالہ پروڈیوسر نے 52 سالہ اداکارہ کے الزامات کو غیر حقیقی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سلمیٰ ہائیک پر فلم میں نامناسب سین شوٹ کرانے کیلئے کوئی دباؤ نہیں ڈالا۔
خیال رہے کہ معروف ہولی وڈ اداکارہ سلمیٰ ہائیک نے 14 دسمبر کو امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز میں لکھے گئے کالم میں الزام عائد کیا تھا کہ ہاروی وائنسٹن ’ برسوں تک ان کے لیے عفریت بنا رہا'۔
52 سالہ اداکارہ نے بتایا کہ فلم بننے کے دوران پروڈیوسر کی جانب سے جنسی ہراساں کرنے کے ساتھ ساتھ کئی طرح کے مطالبات کیے گئے اور مسلسل انکار پر ایک موقع پر انہیں قتل کی بھی دھمکی دی ' میں تم کو قتل کردوں، یہ نہ سوچنا کہ میں نہیں کرسکتا'۔