لائف اسٹائل

سپر ہیرو فلم ’اوینجرز: انفینٹی وار کے ٹریلر کا ریکارڈ

اپنی ریلیز سے قبل ہی ’اوینجرز: انفینٹی وار‘ نے نیا ریکارڈ بناکر حریف اسٹوڈیوز کی فلموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی۔

معروف سپر ہیرو کامک بک، فلمیں اور ویڈیو گیمز بنانے والے اسٹوڈیو مارول کی آنے والی سائنس فنکشن فلم ’اوینجرز: انفینٹی وار‘ کے ٹریلر نے نیا ریکارڈ بنالیا۔

’اوینجرز: انفینٹی وار‘ کے ٹریلر کو گزشتہ ماہ 29 نومبر کو جاری کیا گیا تھا، جسے ابتدائی 24 گھنٹوں میں 23 کروڑ بار دیکھا گیا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی ہولی وڈ فلم کے ٹریلر کو اتنے کم وقت میں اتنی زیادہ بار دیکھا گیا۔

اس سے قبل مارول اسٹوڈیو کی آنے والی فلم ’آئی ٹی‘ کے ٹریلر کو ایک دن میں سب سے زیادہ بار یعنی 19 کروڑ 70 لاکھ بار دیکھا گیا تھا۔

گزشتہ برس ریلیز کیے گئے ہولی وڈ فلم ’فیٹ آف دی فیورس‘ کے ٹریلر کو بھی ایک دن میں 13 کروڑ 90 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: مردہ سپر ہیرو واپس آگیا

تاہم’اوینجرز: انفینٹی وار‘ کے ٹریلر کو ابتدائی 24 گھنٹوں میں 23 کروڑ بار دیکھا گیا، جب کہ 4 دسمبر کے آغاز تک اسے 80 کروڑ 24 لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا تھا۔

اپنی ریلیز سے قبل ہی ’اوینجرز: انفینٹی وار‘ نے نیا ریکارڈ بناکر حریف اسٹوڈیوز کی فلموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔

فلم میں سپر ہیروز کو اصلی کرداروں میں پیش کیا گیا ہے—اسکرین شاٹ

خیال رہے کہ ’اوینجرز: انفینٹی وار‘ سیریز کی تیسری فلم ہے، اس سیریز کی پہلی فلم 2012 میں ’اوینجرز‘ کے نام سے ریلیز کی گئی، جب کہ اس کی دوسری فلم 2015 میں ’اوینجرز: ایج آف یونین‘ کے نام سے ریلیز کی گئی۔

سیریز کی تیسری فلم میں تھوڑی سی تبدیلی کرتے ہوئے اس میں ایک طاقتور ولن کو متعارف کرایا گیا ہے، جو انسان کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے منصوبے پر کام کرتا نظر آتا ہے۔

مزید پڑھیں: اینیمیٹڈ فلم نے سپر ہیروز فلم کو پیچھے چھوڑ دیا

فلم کے سپر ہیروز ایک طاقتور ولن کے شیطانی منصوبے کو ناکام کرنے کی کوشش میں مصروف نظر آتے ہیں۔

’اوینجرز: انفینٹی وار‘ کو آئندہ برس 4 مئی کو ریلیز کیا جائے گا۔

فلم کی ہدایات روسو برادرز یعنی جوئے اور اینتھونی روسو نے دی ہیں، اس کی کہانی کرسٹوفر مارکس اور اسٹیفن میک فلی نے لکھی ہے۔

فلم کی کاسٹ میں رابرٹ ڈاؤنی جونیئر، کرس ہیمس ورتھ، کرس ایونس، اسکریلیٹ جاہنسن، جیریمی رینر، سیموئل ایل جیکسن، کرس پراٹ، بریڈلی کوپر، وان ڈیزل، ایلزبیتھ اولسن، ٹوم ہولاند، بینڈکٹ کمبربیچ، پال رد، ٹام ہڈلسٹن اور جوش برولن سمیت دیگر کاسٹ شامل ہے۔

فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں سپر ہیروز کو اپنی فلموں کے روپ میں ہی دکھایا گیا ہے۔