سندھ لٹریچر فیسٹیول کی ضرورت کیوں پیش آئی؟
اگر کہا جائے کہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پورے ملک کے تمام شہروں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ادبی، ثقافتی، سماجی و صحافتی فیسٹیول اور پروگرامات منعقد کیے جاتے ہیں تو کچھ غلط نہ ہوگا۔
ساحل سمندر پر واقع اِس رومانوی شہر میں ’کراچی لٹریچر فیسٹیول‘ (کے ایل ایف)، ’عالمی ادبی مشاعرہ‘، ’اردو کانفرنس‘، ’سندھ حکومت کے کلچرل فیسٹیول‘،’سندھی ثقافتی دن‘، ’بلوچی ثقافتی دن‘، ’پختون ثقافتی دن‘ اور ’عالمی کتاب میلے‘ سمیت دیگر پروگرامات بھی ہوتے ہیں۔
یہ بھی حقیقت ہے کہ صوبہ سندھ کو ایک سے زائد اقوام یا ثقافتوں کے صوبے کے طور پر ملک بھر میں پہچانا جاتا ہے۔ صوبہ سندھ پاکستان کا وہ واحد صوبہ ہے، جہاں نہ صرف ملک کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی ثقافتیں دیکھنے کو ملتی ہیں، بلکہ اِس رومانوی شہر میں دنیا کے دیگر ممالک اور خطوں کی ثقافتوں کی جھلک بھی نظر آتی ہے۔