ویرات اور انوشکا دسمبر میں شادی کریں گے؟
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز 29 سالہ ویرات کوہلی اور بولی وڈ کی خوبرو اداکارہ 29 سالہ انوشکا شرما کے درمیان قربتیں نئی بات نہیں۔
بولی وڈ اداکارہ اور کرکٹر کے درمیان گزشتہ 5 سال سے تعلقات قائم ہیں، تاہم ان میں کبھی تلخیاں، کبھی دوریاں تو کبھی محبتیں آتی جاتی رہیں۔
گزشتہ ہفتے ہی ویرات کوہلی اور انوشکا شرما شادی کے ملبوسات تیار کرنے والے بھارتی برانڈ کے ایک اشتہار میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔
شادی کے موقع پر بنائے گئے اس اشتہار میں ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کو بھی دولہا اور دلہن کے لباس میں دکھایا گیا تھا، جو ایک دوسرے سے کئی وعدے کرتے نظر آتے ہیں۔
اشتہار کے بعد دونوں کے مداحوں نے انہیں جوڑے کے روپے میں دیکھنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جلد سے جلد شادی کردینی چاہیے۔
ابھی اس اشتہار کو ایک ہفتہ ہی ہوا تھا کہ یہ خبریں سامنے آئی ہیں کہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما دسمبر میں شادی کرنے جا رہے ہیں۔
انڈین ایکسپریس نے اپنے مختلف ذرائع سے بتایا کہ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی نے 2018 سے پہلے شادی کا فیصلہ کرلیا۔
خبر میں دعویٰ کیا گیا کہ اگر ذرائع کی خبریں سچ ثابت ہوئیں تو کرکٹر اور اداکارہ دسمبر 2017 میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔