لائف اسٹائل

ایشوریا رائے کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کی کوشش ناکام

ہولی وڈ کے پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن نے متعدد بار اداکارہ کے ساتھ تنہائی میں ملاقات کی کوشش کی، ایشوریا کی مینیجر کا دعویٰ

بولی وڈ اداکارہ اور سابقہ ملکہ حسن ایشوریا رائے کی عالمی ایونٹ خاتون مینیجر نے دعویٰ کیا ہے کہ ماضی میں اداکارہ کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی۔

ایشوریا رائے کی مینیجر سموئن شیفیلڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ہی اداکارہ کو ہولی وڈ پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن سے محفوظ رکھا۔

خیال رہے کہ ہاروی وائنسٹن پر انجلینا جولی، ایشلے جڈ اور روز میکگواں سمیت کم سے کم 22 اداکاراؤں و دیگر خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام ہے۔

ایشوریا نے شوہر کے ہمراہ ہاروی وائنسٹن اور ان کی اہلیہ سے 2014 میں ملاقات بھی کی تھی—فوٹو: ٹوئٹر

یہ بھی پڑھیں: ہولی وڈ پروڈیوسر پر اداکاراؤں کو جنسی ہراساں کرنے کا الزام

بااثر 65 سالہ فلم پروڈیوسر نے اداکاراؤں اور خواتین کو 1980 سے 2016 کے درمیان مبینہ طور پر جنسی ہراسگی کا شکار بنایا۔

ہاروی وائنسٹن کی جانب سے اداکاراؤں اور خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کی سب سے پہلی خبر امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے رواں ماہ 5 اکتوبر کو دی۔

جس کے بعد دیگر نشریاتی اداروں اور ویب سائٹس نے بھی ہاروی وائنسٹن کی جانب سے مبینہ طور پر ہراساں کی گئی خواتین و اداکاراؤں کی خبریں شائع کیں۔

ایشوریا رائے کی سابق خاتون عالمی مینیجر سموئن شیفیلڈ نے نشریاتی ادارے ورائٹی کو بتایا کہ فلم پروڈیوسر نے کئی بار ایشوریا رائے کے ساتھ تنہائی میں ملاقات کرنے کی خواہش ظاہر کی۔

سموئن شیفیلڈ نے تحریری طور پر ورائٹی کو بتایا کہ 65 سالہ ہاروی وائنسٹن نے کئی بار ان سے کہا کہ وہ ایشوریا رائے کو ان کے ساتھ اکیلا چھوڑ کر جائیں، مگر انہوں نے ان کی ایک بھی نہ مانیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہاروی وائنسٹن کے خلاف جنسی ہراسگی کی تحقیقات کا آغاز

سموئن شیفیلڈ نے فلم پروڈیوسر کو سوئر جیسے ناموں سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بااثر ہاروی وائنسٹن کی بھرپور کوشش تھی کہ ایشوریا رائے کے ساتھ تنہائی میں ملاقات کی جائے، مگر ان کی تمام کوششیں ناکام گئیں۔

سموئن شیفیلڈ کے مطابق ہاروی وائنسٹن نے کئی بار ان سے پوچھا کہ ایشوریا رائے سے تنہائی میں ملاقات کے لیے انہیں کیا کرنا ہوگا۔

اداکارہ کی مینیجر نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ایشوریا رائے کو جنسی ہراسگی کا شکار ہونے سے محفوظ رکھا۔

تاہم اپنی سابق مینیجر کے اس دعوے پر تاحال ایشوریا رائے نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

خیال رہے کہ اداکاراؤں اور دیگر خواتین کو جنسی ہراسگی کا نشانہ بنانے والے ہاروی وائنسٹن کے خلاف امریکا اور برطانیہ میں الگ الگ تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جنسی ہراسگی کا شکار اداکارہ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل

دوسری جانب ہاروی وائنسٹن کو فلم کمپنیوں نے بھی نوکری سے برطرف کردیا ہے، جب کہ ان کی اہلیہ نے بھی الزامات سامنے آنے کے بعد انہیں چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔

علاوہ ازیں ہاروی وائنسٹن کی جانب سے اداکاراؤں اور خواتین کو جنسی ہراسگی کا نشانہ بنانے کی مرد اداکاروں، پروڈیوسرز و ہدایت کاروں سمیت امریکی سیاستدانوں نے بھی مذمت کی ہے۔

ادھر ہاروی وائنسٹن نے خود پر لگے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دیا ہے۔