لائف اسٹائل

خاص دوست کا سلینا گومز کیلئے گردے کا عطیہ

25 سالہ پاپ اسٹار لیپس نامی بیماری میں مبتلا تھیں، جس کے بعد ان کے گردے کی منتقلی فوری طور پر کرنا ضروری ہوگئی۔

پاپ اسٹار سلینا گومز نے مداحوں کو اپنی دوست سے متعلق ایک خوبصورت کہانی بتانے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیا۔

سلینا گومز طویل وقت سے لیپس نامی بیماری کا سامنا کررہی تھیں، جلد کا دق یا لیپس (وہ مرض جس میں جسمانی دفاعی نظام غلطی سے صحت مند خلیات کو دشمن سمجھ کر حملہ آور ہوجاتا ہے) جو کہ جسم کے کسی بھی حصے کو نشانہ بناسکتی ہے جیسے جلد، جوڑ اور دیگر اعضاء وغیرہ۔

ایسے میں 25 سالہ سلینا گومز کو گردے کی منتقلی کی ضرورت تھی اور اس موقع پر ان کی خاص دوست نے ان کے لیے اپنا گردہ عطیہ کیا۔

انسٹاگرام پر شیئر کی اپنی پوسٹ میں پاپ اسٹار نے بتایا کہ وہ پہلے سے بہتر ہورہی ہیں، انہوں نے اپنی دوست فرانسیا راسا کا شکریہ بھی ادا کیا۔

سلینا گومز نے لکھا کہ ’میرے پاس الفاظ نہیں جن سے میں اپنی خوبصورت دوست فرانسیا کا شکریہ ادا کرسکوں‘۔

انہوں نے لکھا ’میری دوست نے مجھے یہ خاص تحفہ دیا، اور میرے لیے اپنے گردے کی قربانی دی، میں بہت خوش قسمت ہوں‘۔

سلینا نے اپنی پوسٹ میں اس مرض کی مزید تفصیلات کے لیے ایک ویب سائٹ بھی شیئر کی تاکہ لوگ اس کے بارے میں اور زیادہ جان سکیں۔