مکسڈ مارشل آرٹس بمقابلہ باکسنگ-بازی کون جیتے گا؟
پاکستان سمیت دنیا بھر میں باکنگ اور مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) کے کروڑوں شائقین کو 26 اگست کا بے صبری سے انتظار ہے، کیوں کہ اس دن ایک منفرد فائٹ ہونے جا رہی ہے۔
فائٹنگ کے حوالے سے منفرد حیثیت رکھنے والے امریکی شہر لاس ویگاس میں 26 اگست 2017 کو باکسنگ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ فلوئیڈ مے ویدر، مکسڈ مارشل آرٹس کے بادشاہ کونر میک گریگر سے لڑنے جا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ باکسنگ اور مکسڈ مارشل آرٹس میں تھوڑا ہی فرق ہے، لیکن اگر پروفیشنل فائٹنگ کی بات کی جائے تو ان میں کئی چھوٹی چھوٹی تکنیکی تبدیلیاں ہوتی ہیں، جو انہیں منفرد بناتی ہیں، باکسنگ میں زیادہ تر بازو اور صرف ہاتھوں کا استعمال ہوتا ہے، جب کہ مکسڈ مارشل آرٹس میں بازو اور ہاتھوں سمیت ٹانگوں کا بھی استعمال ہوتا ہے۔
اس فائٹ کو باکسنگ اور مکسڈ مارشل آرٹس کی سب سے بڑی، مہنگی اور منفرد فائٹ کہا جا رہا ہے، اور لوگ اس کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، کیوں کہ یہ 2 مختلف قسم کے فائٹ لڑنے والے بادشاہوں کے درمیان ہوگی۔
اس فائٹ کا باقاعدہ اعلان رواں برس جون میں الٹیمیٹ فائٹنگ چیمپیئن شپ (یو ایف سی) کے صدر ڈانا وائٹ نے کیا، لیکن اس فائٹ کی خواہش سب سے پہلے مکسڈ مارشل آرٹس کے بادشاہ کونر میک گریگر نے دسمبر 2016 میں اپنی ایک میچ جیتنے کے بعد کی تھی، اس میچ میں وہ اپنے حریف کو شکست دینے کے بعد باکسنگ کے بادشاہ فلوئیڈ مے ویدر کے خلاف باتیں کر بیٹھے تھے۔
کونر میک گریگر کی ان ہی باتوں پر شائقین میں بحث چھڑ گئی، اور سوشل میڈیا پر باکسنگ اور مکسڈ مارشل آرٹس کے بادشاہوں کے درمیان فائٹنگ کی باتیں ہونے لگیں، جس پر بلآخر فلوئیڈ مے ویدر نے بھی خاموشی توڑ دی، اور فائٹ کے لیے رضامند ہوگئے۔
یہ بھی پڑھینں: مزدوری سے کومبیٹ اسپورٹس کا بادشاہ بننے تک کا سفر
دونوں کی رضامندی کے بعد یو ایف سی کے صدر ڈانا وائٹ نے جون میں اعلان کیا کہ کونر میک گرے اور فلوئیڈ مے ویدر 26 اگست 2017 کو لاس ویگاس کی رنگ میں باکسنگ فائٹ کریں گے۔