کھیل

ماریہ طور اور طیب اسلم نے جشن آزادی اسکواش ٹورنامنٹ جیت لیا

جشن آزادی سینئرز اسکواش ٹورنامنٹ کے فائنل میں طیب اسلم نے فرحان زمان اور ماریہ طور نے فائزہ ظفر کو شکست دی۔

لاہور: ماریہ طور پکئی اور طیب اسلم نے پہلا ایس این جی پی ایل نیشنل جشن آزادی سینئرز اسکواش ٹورنامنٹ جیت لیا۔

لاہور میں پنجاب اسکواش ایسوسی ایشن کے زیراہتمام سوئی نادرن گیس پائپ لائنز کے تعاون سے منعقدہ نیشنل جشن آزادی سینئرز اسکواش ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے ہوئے۔

مینز سنگل کے ٹائٹل میں طیب اسلم کا مقابلہ فرحان زمان سے تھا جہاں پہلے دونوں سیٹ طیب اسلم نے جیتے البتہ اگلے دونوں سیٹ فرحان زمان نے جیت کر مقابلہ برابر کردیا۔

طیب اسلم نے دلچسپ مقابلے کے بعد پانچواں سیٹ جیت کر ایک سال کے وقفہ کے بعد دوبارہ ٹائٹل جیت لیا۔

انہوں نے فرحان زمان کو 11/9, 11/9, 6/11, 9/11, 12/10 سے شکست دی۔ ویمنز مقابلوں میں واپڈا کی ماریہ طورنے ایچ ای سی کی فائزہ ظفر کو بآسانی شکست دے دی۔

ماریہ طورنے فائزہ ظفر کو 11/9, 11/9, 11/8 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ایم ڈی سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز امجد لطیف نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔