شیراپووا کو انجری، اسٹینفورڈ ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبردار
سٹینفورڈ: روس کی گولڈن گرل اور پانچ مرتبہ کی گرینڈ سلیم چیمپیئن ماریا شیراپووا فٹنس مسائل کے باعث اسٹینفورڈ بینک ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو گئیں۔
دو سال سے زائد ععرصے کے بعد امریکا میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والی ٹینس اسٹار نے ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں جینفر بریڈی کو شکست سے دوچار کیا تھا۔
تاہم بدقسمتی سے وہ دوسرے راؤنڈ کے میچ سے سے قبل کلائی کی تکلیف میں مبتلا ہوگئیں جس کی وجہ سے انہوں نے ٹورنامنٹ سے دستبرداری کا اعلان کیا۔
ٹورنامنٹ نے بھی ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اعلان کیا کہ ماریا شیراپووا نے اپنے ڈاکٹر کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے انجری کے سبب ایونٹ سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔
وائلڈ کارڈ انٹری کی بدولت ٹورنامنٹ میں شرکت کی اہل قرار پانے والی روسی اسٹار کی دستبرداری کے بعد یوکرین کی کھلاڑی لوسیا سرینکو اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئی ہیں۔
ڈوپنگ کے بعد اپریل میں ٹینس کورٹ میں قدم رکھنے والی شیراپووا کوہلے کی انجری کا شکار ہونے کے سبب ومبلڈن اوپن کے کوالیفائنگ راؤنڈ سے دستبردار ہو گئی تھیں۔