لیڈی ڈیانا کی انتہائی ذاتی ویڈیوز نشر نہ کرنے کا مطالبہ
سابق برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کی رواں ماہ 31 اگست کو 20 ویں برسی منائے جائے گی۔
لیڈی ڈیانا کی 20 ویں برسی کے موقع پر برطانوی نشریاتی ادارہ چینل فور ان کی زندگی سے متعلق انتہائی ذاتی ویڈیوز نشر کرے گا، لیکن کئی برطانوی افراد نے چینل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان ویڈیوز کو نشر نہ کرے۔
لیڈی ڈیانا کی قریبی خواتین دوستوں، سمیت ان کے اہل خانہ اور ان کے مداحوں کی جانب سے چینل فور پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ ان ویڈیوز کو نشر نہ کرے، کیوں کہ وہ ویڈیوز شہزادی کی انتہائی ذاتی زندگی سے متعلق ہیں، جن میں عام عوام کے لیے کچھ بھی نہیں۔
تاہم چینل فور کی انتظامیہ نے ویڈیوز کو نشر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ لیڈی ڈیانا کے گزرجانے کے بعد 20 سال بعد حقائق کو دنیا کے سامنے آنا چاہئیے۔
چینل فور 31 اگست کو جن ویڈیوز کو نشر کرنے کا اعلان کر چکا ہے، انہیں ’ڈیانا ہر ا ون ورڈز‘ کا نام دیا گیا ہے، ان ویڈیوز میں لیڈی ڈیانا نے اپنی شادی، ازدواجی زندگی، اور اپنے شوہر شہزادہ چارلس سمیت ان کی دوسری اہلیہ کیملا پارکر سے متعلق حیران کن انکشافات کیے ہیں۔