لائف اسٹائل

نوازالدین صدیقی کا اگلا پروجیکٹ ان کی اپنی ’سوانح حیات‘

بولی وڈ اداکار اپنی سوانح حیات تحریر کررہے ہیں جس کا نام ’ایک عام زندگی: ایک یادداشت‘ ہے، جو دو ماہ بعد شائع ہوگی۔

سب نے ہی بولی وڈ اسٹار نوازالدین کی کہانی بہت بار سنی ہوگی، لیکن ایسا پہلی بار ہوگا جب نوازالدین صدیقی خود اپنی کہانی مداحوں کو بتائیں گے۔

نوازالدین صدیقی کا شمار ہندوستان کے کامیاب اور بہترین اداکاروں میں کیا جاتا ہے اور اس مقام تک پہنچنے کے لیے ان کی جدوجہد کی کہانی سے بہت سے عام لوگ بھی خود کو منسلک کرسکتے ہیں۔

اور اسی لیے نوازالدین اپنی سوانح حیات تحریر کرنے جارہے ہیں جس کا نام ’ایک عام زندگی: ایک یادداشت‘ (An Ordinary Life: A Memoir) رکھا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ’کامیاب اداکار نہیں ہوں‘

فلم ’موم‘ کے اداکار نے اس بات کا اعلان اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کیا۔

نوازالدین صدیقی یہ کتاب صحافی اور مصنف ریتوپرنا چیٹرجی کے ساتھ مل کر تحریر کررہے ہیں۔

مڈ ڈے سے بات کرتے ہوئے اداکار کا کہنا تھا کہ ’ہم نے دو سال قبل اس کتاب پر کام کرنا شروع کیا تھا، اس میں میری اُس وقت کی کہانی بھی موجود ہوگی جب میں گاؤں میں رہا کرتا تھا اور پھر میں کیسے اداکار بنا، اس کتاب کو کچھ عرصہ قبل ہی تحریر کیا گیا اور یہ 2 ماہ میں شائع کردی جائے گی‘۔

نوازالدین صدیقی کی جدوجہد کے پس منظر کو صحیح انداز میں سمجھنا آسان نہیں، لیکن مداح ان کے سفر کے بارے میں جاننا ضرور چاہتے ہیں کہ وہ کس طرح بولی وڈ میں داخل ہوئے اور انہوں نے اتنا نام کمایا۔

یہ بھی پڑھیں: 'نوازالدین صدیقی 100 فیصد فنکار'

نوازالدین صدیقی نے مزید بتایا، ’کوئی میرے بچپن کے بارے میں نہیں جانتا، ایک کسان کا بیٹا جو مشترکہ خاندانی نظام کا حصہ تعلق تھا، وہ کس طرح اس فیلڈ میں آیا اور اس نے اپنا نام کمایا، اس طرح کی زندگی جینا صرف ایک خواب ہی ہوسکتا ہے، میں اپنے والدین اور گاؤں کے افراد کی وجہ سے آج اس قابل ہوں، میرے تھیٹر کے دن بھی اس کتاب میں شامل کیے گئے، لوگوں کو اسے پڑھ کر بہت مزہ آئے گا‘۔

نواز الدین صدیقی کی سوانح حیات ’ایک عام زندگی: ایک یادداشت‘ دو ماہ بعد لانچ کی جائے گی۔

نوازالدین صدیقی اور چندن روئے سنیال ایک ساتھ —فوٹو بشکریہ/ ہندوستان ٹائمز

یہ بھی پڑھیں: 'منٹو' میں نوازالدین صدیقی کا روپ منظر عام پر

خیال رہے کہ نوازالدین صدیقی اس وقت ’منٹو‘ کی زندگی پر بننے والی ہندوستانی فلم میں کام کررہے ہیں، جس کی ہدایات نندیتا داس دے رہی ہیں۔

اپنی فلموں سے شائقین کو محظوظ کرنے والے نوازالدین صدیقی نے بولی وڈ میں 1999 میں فلم ’سرفروش‘ میں ایک مختصر کردار کے ساتھ ڈیبیو کیا تھا۔

وہ اپنے بولی وڈ کیریئر میں تینوں خانز شاہ رخ، عامر اور سلمان کے ساتھ بھی کام کرچکے ہیں، جن میں نوازالدین کی کارکردگی کو خوب سراہا گیا۔